سعودی مسافروں کی روانگی کے لئے ٹریول ہیلتھ انشورنس لازم
سعودی مسافروں کی روانگی کے لئے ٹریول ہیلتھ انشورنس لازم
اتوار 23 مئی 2021 16:21
محکمہ صحت کی جانب سے سعودی شہریوں کو اضافی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس)سی سی ایچ آئی( کی سفارشات کے تحت بیرون ملک جانے والے سعودیوں کے لئے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ روانگی سے 24 گھنٹے قبل ٹریول ہیلتھ انشورنس حاصل کریں۔
عرب نیوز کے مطابق پوری دنیا بھر میں پھیلی کورونا وباکے باعث سعودی عرب کی کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس اور متعلقہ صحت حکام سعودی شہریوں کو بین الاقوامی منزلوں کی طرف جانے کے لئے اضافی تحفظ فراہم کررہے ہیں۔
ہیلتھ انشورنس کے تحت مسافر کی روانگی کی تاریخ کے بعد سے 30 دن تک کووڈ19سے بحالی کے اخراجات اور صحت کی دیکھ بھال کا احاطہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں بتایا گیا ہے کہ سعودی شہری جس ملک کا سفر کر رہے ہیں وہاں کے لئے ناگزیر قرنطینہ کا احاطہ اس ہیلتھ انشورنس میں نہیں کیا گیا ہے۔
دریں اثنا سعودی عرب کی وزارت صحت گذشتہ روز ہفتہ کو کورونا کے 1142 نئے کیس رپورٹ کئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد چار لاکھ 39 ہزار 847 ہوگئی ہے۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد اور فعال کیسز کی تعداد میں اتار چڑھاو آتا رہتاہے۔ فی الحال 8815 کورونا کے مریض ہسپتالوں میں موجود ہیں جن میں سے 1329 ایسے ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر نہیں ہے۔
وا ضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں میں صحتیابی کی شرح 96.3 فیصد پر مستحکم ہے۔
گذشتہ روز ریاض میں مجموعی طور پر کورونا کے 336 کیسز، مکہ مکرمہ میں 250 اور مشرقی ریجن میں 158 کیسزریکارڈ کئے گئے۔ الجوف ایک ایسا علاقہ ہے جہاں سب سے کم یعنی صرف 6 کیسز سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کوروناوائرس سے مجموعی طور پر 1089 افراد صحتیاب ہوئے جس سے مملکت میں صحتیاب ہونے والوں کی کل 423795 ہوگئی ہے۔
کووڈ19 کی ویکسین 183082 خوراکوں کی یومیہ شرح سے دی جا رہی ہے اور تقریباً 12.8 ملین خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ اب تک 36.7 فیصد آبادی کو وبائی مرض کی ویکسین کی کم از کم ایک خوراک مل چکی ہے۔
وزارت صحت نے ٹیسٹنگ ہب ، ویکسین سینٹرز اور علاج مراکز کے طور پر کلینکس قائم کئے ہیں۔ صحتی ایپ کے ذریعے ان کلینکس سے اپائنٹ منٹ لی جا سکتی ہے۔
سعودی عرب نے اب تک 18449145 کورونا ٹیسٹ کئے ہیں جن میں سے 78608 ٹیسٹ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے ہیں۔
مملکت میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7237 ہو چکی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں