Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت نوٹس کے جواب سے مشروط ہے‘

حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں دوبارہ شمولیت شوکاز نوٹس کے جواب سے مشروط ہے۔ ’پہلے پیپلز پارٹی اپنا جواب دے پھر پی ڈی ایم دیکھے گی کہ ان کا جواب کس حد تک مضبوط ہے۔' 
منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیب ریفرنسز پر فیصلوں کے خلاف اپیلوں میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت پر میرا مؤقف واضح ہے اور مسلم لیگ ن کا بھی وہی مؤقف ہے۔ ’پیپلز پارٹی پہلے اپنا جواب جمع کروائے اس کے بعد دیکھیں گے کہ ان کا جواب کس حد تک مضبوط ہے۔‘ 
مریم نواز نے کہا کہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کا وہی موقف ہے جو شاہد خاقان عباسی کا موقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا جواب ابھی تک نہیں دیا۔ 
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی پی ڈیم ایم میں دوبارہ شمولیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ’میری پیپلز پارٹی  سے ناراضگی ذاتی نہیں بلکہ اصول توڑنے پر ہے۔‘
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا، تاہم اس عشائیے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے شرکت نہیں کی۔ 
منگل کو مریم نواز سے جب اس عشائیے سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ عشائیہ ارکان پارلیمنٹ کے لیے رکھا گیا تھا اور میں پارلیمنٹ کی رکن نہیں ہوں۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بطور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی کچھ ذمہ داریاں ہیں جو وہ نبھا رہے ہیں۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں اختلافات یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد سامنے آئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے بطور رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک آزاد رکن کی حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں، چوہدری نثار اورمسلم لیگ ن کی راہیں جدا ہیں ان کا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں۔‘
مریم نواز نے چوہدری نثار کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار کے طور پر سامنے آنے کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ان سازشوں کا کوئی علم نہیں ہے جو یہ سازشیں کرتے ہیں ان سے پوچھیں۔‘
مریم نواز اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیب کی اپیلوں پر سماعت کےمعقر پر عدالت میں پیش ہوئیں۔ مسلم لیگ ن کے وکیل امجد پرویز لاہور ہائی کورٹ میں مصروفیت کے باعثپیش نہ ہوسکے۔
عدالت نے نواز شریف کی عدم موجودگی میں اپیلوں کی سماعت سننے کے طریقہ کار سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 9 جون تک ملتوی کر دیے۔

شیئر: