نئے تعلیمی سال سے تمام سکول، کالج اور جامعات باقاعدہ کھولنے کی منظوری
نئے تعلیمی سال سے تمام سکول، کالج اور جامعات باقاعدہ کھولنے کی منظوری
منگل 25 مئی 2021 20:34
نئے تعلیمی سال کی شروعات سے قبل ویکسین لگوانا ہوگی( فوٹو عاجل)
سعودی وزارت تعلیم نے آئندہ تعلیمی سال سے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز میں طلبہ اور اساتذہ کی باقاعدہ حاضری کے حوالے سے ابتدائی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت تعلیم نے منگل کو بیان میں کہا کہ ایوان شاہی نے تمام تعلیمی ادارے باقاعدہ کھولنے کی منظوری دی ہے۔
بیا ن میں کہا گیا کہ ’ وزارت صحت اور وزارت تعلیم کو لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ دونوں وزارتوں نے مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے تعلیمی سال کے حوالے سے فیصلے کیے ہیں‘۔
فیصلے کے مطابق’ آئندہ تعلیمی سال پر تمام اساتذہ، استانیاں اور تعلیم و تربیت کے شعبے سے منسلک تمام افراد سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز و انسٹی ٹیوٹس میں تعلیم اور ٹریننگ سینٹرز میں باقاعدہ حاضری دیں گے اور انہیں کورونا ویکسین لینا ہوگی‘۔
وزارت صحت نے اس حوالے سے انتظامات کیے ہیں۔ حاضری کے وقت توکلنا اور تباعد ایپس کے ذریعے ویکسینیشن کا سٹیٹس چیک کیا جائے گا۔
سرکاری و نجی یونیورسٹیوں اور پیشہ ورانہ و تکنیکی ٹریننگ کے سرکاری ادارے کے تمام طلبہ کلاسوں میں باقاعدہ حاضری دیں گے۔ شرط یہ ہوگی کہ وہ صحت مند ہوں۔ یونیورسٹیاں اور پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت کے اعلی ادارے طلبہ کی حاضری کا طریقہ کار جاری کریں گے۔
وزارت صحت کے مقرر کردہ پروگرام کے مطابق سب کو ویکسین لینا ہوگی۔
نئے تعلیمی سال کی شروعات سے قبل یہ کام مکمل کرنا ہوگا۔ یونیورسٹیاں اور تربیتی ادارے جلد داخلہ کارروائی کے بارے میں ضروری فیصلوں کااعلان کریں گے۔
سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبہ کی کلاسوں میں حاضری کا طریقہ کار جاری کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں عمر کے حوالے سے زمرہ بندی ہوگی۔
وزارت تعلیم سکولوں میں طلبہ کی واپسی کا پروگرام وزارت صحت کے ساتھ ترتیب دے گی۔ سکولوں میں طلبہ کی تعداد اور دور دراز مقامات والے سکولوں کے استثنائی حالات کو مدنظررکھا جائے گا۔