سماجی آداب کے منافی تقریب: ’شرکا کو قید اورجرمانے کی سزا ہوگی‘
تقریب میں سوشل میڈیا کی بعض شخصیات بھی شریک تھیں(فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے اہلکار سماجی آداب کے منافی ایک تقریب میں شریک افراد کی گرفتاری کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
الاخباریہ چینل،عکاظ اور دیگر سعودی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ’سماجی آداب کے منافی اس تقریب میں سوشل میڈیا کی بعض شخصیات بھی شریک تھیں اور انہوں نے تقریب میں رقص کے مناظر پر مشتمل وڈیوز اپنے اکاؤنٹ پر شیئر بھی کی ہیں‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں کہا ہے کہ ’ تقریب کے شرکا کو قید اور جرمانے کی سزا ہوگی۔ ان کی یہ سرگرمی مذہبی اقدار اور مملکت میں سماجی آداب کے قانون کی خلاف ورزی کے دائرے میں آتی ہے‘۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ’ریاض کی معروف بعض سوشل میڈیا شخصیات نے تقریب میں کورونا ایس او پیز اور نہ سماجی آداب کا خیال کیا۔ ایک پرائیویٹ جگہ پرہونے والی تقریب میں خواتین بھی رقص کررہی ہیں‘۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی وڈیو پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی شخصیات نے اپنے اکاؤنٹ سے وڈیو کلپ ڈیلیٹ کردیے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق تقریب میں اس سے زیادہ تعداد میں لوگ موجود تھے جتنا کہ وزارت داخلہ سماجی تقریبات کے لیے انتہائی حد کے طور پر متعین کیے ہوئے ہے۔
عکاظ اخبار نے رپورٹ میں بتایا کہ ’تقریب میں خواتین کے رقص پر صارفین نے شرکا کی گرفتاری اور قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے‘۔