Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس کے ساتھ مذاکرات، مصر کے خفیہ ادارے کے سربراہ غزہ میں

دونوں فریقین نے حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
مصر کے خفیہ ادارے کے سربراہ عباس کامل پیر کو حماس کے ساتھ مذاکرات کے لیے غزہ پہنچے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ہوٹل میں کامل کا استقبال حماس کے قائدین کے وفد نے کیا جس کی سربراہی غزہ میں اس گروپ کے سیاسی بیورو کے سربراہ یحیی سنور کر رہے تھے۔
وہ بطور اعلیٰ مصری حکومتی عہدیدار، غزہ کا دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب غزہ اور حماس کے حوالے سے حکومتی بیانیہ تبدیل ہوا ہے جو جنگ اور 21 مئی کو کی جانے والی جنگ بندی کا نتیجہ ہے۔
مصر ایک لمبے عرصے کے لیے ایسی جنگ بندی کا معاہدہ چاہتا ہے جو سکیورٹی اور استحکام کے ساتھ ساتھ تعمیر نو کے لیے بھی راہ ہموار کرنے کی ضمانت دے۔
ملاقات میں حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں غزہ میں ہونے والی آخری لڑائی سے پہلے کچھ پیش رفت دیکھی گئی تھی۔

عباس کامل نے اپنے دورے کے آغاز میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حماس کے سیاسی بیورو کے رکن خلیل الحیی نے عباس کامل سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’یہ کوئی راز کی بات تو نہیں ہے کہ آخری لڑائی سے پہلے قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر پیش رفت ہوئی تھی لیکن ایسا نہیں لگتا کہ اسرائیل کسی نئے معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔‘
عباس کامل نے اپنے دورے کے آغاز میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نیتن یاہو نے انٹیلی جنس چیف کو غزہ میں حماس کی جانب سے قید کیے جانے والے سپاہیوں اور عام شہریوں کو جلد از جلد رہا کرانے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اتوار کو ہونے والے مذاکرات میں اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکینازی نے اپنے مصری ہم منصب سامع شُکری سے ملاقات کی تھی۔

قاہرہ میں اتوار کو ہونے والے مذاکرات میں اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکینازی نے اپنے مصری ہم منصب سامع شُکری سے ملاقات کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

مصر کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ یہ ملاقات مصر کی مشرق وسطیٰ میں امن عمل کی بحالی اور غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔
عباس کامل نے حماس کی قیادت سے ملاقات کے بعد جنگ بندی کی یقین دہانی اور فلسطین کی تعمیر نو سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے فلسطین کے دھڑوں سے بھی ملاقات کی۔

شیئر: