ٹویٹس کو ایڈٹ کرنے کے لیے ’ٹوئٹر بلیو‘ سروس متعارف
ٹویٹس کو ایڈٹ کرنے کے لیے ’ٹوئٹر بلیو‘ سروس متعارف
جمعہ 4 جون 2021 11:35
روئٹرز کے مطابق اس فیچر کے بارے معلومات سب سے پہلے سافٹ ویئر انجینیئر جین مانچن وانگ گذشتہ ماہ سامنے لائے (فوٹو اے ایف پی)
ٹوئٹر نے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا اور کینیڈا میں اپنی نئی سروس ’ٹوئٹر بلیو‘ شروع کرے گا جس کے تحت اس کی سبسکرپشن حاصل کرنے والے صارفین اپنی ٹویٹس کو ایڈٹ کر سکیں گے اور ایپ کا رنگ تبدیل کر سکیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس فیچر کے بارے میں معلومات سب سے پہلے سافٹ ویئر انجینیئر جین مانچن وانگ گذشتہ ماہ سامنے لائے تھے جو ٹیکنالوجی کی صنعت میں ’ریورس انجینیئرنگ‘ ایپس اور باقاعدہ طور پر اعلان کیے جانے سے پہلے نئے فیچرز کے بارے میں بتاتے ہیں۔
ٹوئٹر بلیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی پہلی سبسکرپشن آفر ہے اور پلیٹ فارم کی آمدن کو بڑھانے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے۔
ٹوئٹر کو باقاعدگی سے استعمال کرنے والے صارفین کئی برسوں سے ٹویٹس میں غلطیاں درست کرنے کے لیے ایڈٹ بٹن کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اب ان صارفین کو 30 سیکنڈز کا وقت ملے گا تاکہ وہ اپنی ٹویٹ کو ’ان ڈو‘ کرکے ایڈٹ کر سکیں۔
اس نئے فیچر سے صارفین کو یہ سہولت بھی ملے گی کہ وہ اپنی محفوظ شدہ ٹویٹس کو ایک ’بک مارک‘ فولڈر میں ترتیب دے سکیں تاکہ وہ بعد ازاں اپنے مواد کو آسانی سے ڈھونڈ سکیں۔
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ’اس سروس کے ذریعے متعدد ٹویٹس کے لمبے تھریڈز ایک نئے ’ریڈر موڈ‘ سے آسانی ساتھ پڑھے جا سکیں گے۔‘
آسٹریلیا میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن حاصل کرنے والوں کو ماہانہ 3.48 امریکی ڈالرز، جبکہ کینیڈا میں 2.90 ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔
ایپل کے ایپ سٹور کے مطابق امریکہ میں اس سروس کے لیے صارفین کو ماہانہ 2.99 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔
کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ امریکہ میں یہ سروس کب میہا ہو گی۔