عرب لیگ میں سب سے کم عمر خاتون سعودی سفارتکار
سفارتکار کے طور پرکئی عہدوں پر کام کیا ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب نے عرب لیگ میں الھام غسال کو سفارتکار کے طور پر تعینات کیا ہے۔ الھام غسال سب سے کم عمر سعودی خاتون سفارتکار ہیں۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے الھام غسال نے کہا کہ شروع میں میڈیا سے منسلک رہی پھر سفارتکار کے طور پرکئی عہدوں پر کام کیا ہے۔
الھام غسال کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملازم عرب خواتین کا ایک یونٹ قائم کیا۔ میڈیا کو جدید خطوط پر استوار کرکے سعودی عرب اور اس کے کارناموں کی روشن تصویر دنیا کے سامنے رکھی۔
سعودی خاتون سفارتکار نے متعدد عرب، علاقائی اور بین الاقوامی پروگراموں میں سعودی عرب کی نمائندگی کی ہے۔ سعودی عرب سمیت کئی ملکوں نے انہیں اعزاز دیے ہیں۔
ان کی پرورش ایک علمی ادبی گھرانے میں ہوئی۔ ان کی والدہ ادیب تھیں جبکہ والد ادیب اور شاعر تھے۔ والدین سے محنت، شعر و شاعری کی محبت اور حب الوطنی ورثے میں پائی ہے۔
غسال کا کہنا ہے کہ عالمی ادب سے واقفیت اور ادبی مطالعے نے سعودی اور عرب اخبارات میں قصائد اور مضامین شائع کرنے کا رجحان دیا۔ ان کا ماننا ہے کہ انسان کو بنی نوع انسان کی خاطر رضاکارانہ کام کرتے رہنا چاہئے۔