مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے لیے 20 ملین سے زیادہ اجازت نامے
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے لیے 20 ملین سے زیادہ اجازت نامے
پیر 7 جون 2021 5:21
مدینہ میں کیئر سینٹرز سے 30 ہزار سے زیادہ افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ زائرین کو حج و عمرہ کی سہولتیں فراہم کرنے اور مقدس شہر میں ان کی آمد کو آسان بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے حج و عمرہ خدمات کا معیار بلند کیا جا رہا ہے۔ کورونا وبا کے ہنگامی حالات میں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ جب سے عمرہ و زیارت کی تدریجی بحالی کا فیصلہ ہوا ہے وزارت زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ وزارت نے محفوظ عمرہ ماڈل جدید ٹیکنالوجی اور زائرین کو منفرد سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل اقدامات پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ مسجد الحرام میں نماز، عمرہ، مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ شریفہ میں نماز کے لیے 20 ملین سے زیادہ اجازت نامے اعتمرنا ایپ کے ذریعے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں کیئر سینٹرز کی سہولتوں سے 30 ہزار سے زیادہ افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ یہ سینٹر بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے خاص ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام نماز اور عمرے کے لیے آنے جانے والوں کو محفوظ ٹرانسپورٹ کی سہولت چار سینٹرز کے ذریعے مہیا کی ہے۔ اس کے تحت 2500 کے لگ بھگ بسیں کام کررہی ہیں- بسوں میں وزارت صحت کی جانب سے مقررہ کردہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کرائی جارہی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے رضاکاروں کے توسط سے حج و عمرہ زائرین کو سہولتیں پہنچائیں جس کے تحت چھ رضاکارانہ پروگرام نافذ کیے گئے 18 ہزار گھنٹوں سے زیادہ رضاکاروں نے زائرین کے لیے وقف کیے۔
معاون سیکریٹری حج وعمرہ انجینیئر ھشام سعید نے بتایا کہ محفوظ عمرہ ماڈل کا مقصد زائرین کی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے۔
انجینیئر ھشام سعید نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ضیوف الرحمن کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنانا، آرام و راحت مہیا کرنا اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کو عمرہ اور نماز کی سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے مقدس مساجد کی انتظامیہ، حج و عمرہ، داخلہ اور صحت کی وزارتوں کے درمیان مکمل تعاون اور یکجہتی قائم ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں