ایپل کے ملازمین دفتر کھلنے کے اعلان سے خوش کیوں نہیں؟
ایپل کے ملازمین دفتر کھلنے کے اعلان سے خوش کیوں نہیں؟
منگل 8 جون 2021 15:09
ایپل نے رواں سال ستمبر سے ملازمین کو دفتر سے کام کرنے کا کہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وبا نے جب گذشتہ سال سر اٹھایا اور آہستہ آہستہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کیا تو بہت سی کمپنیوں نے اپنے عملے کو ورک فرام ہوم یعنی گھروں سے کام کرنے کا کہہ دیا تاکہ وہ محفوظ ماحول میں رہ کر اپنا کام جاری رکھ سکیں۔
ورک فرام ہوم شروع میں تو کئی افراد کے لیے کافی مشکل تھا لیکن پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگ اس کے عادی ہوتے گئے۔ اگرچہ بہت سے ممالک میں اب عملے کی کم تعداد کے ساتھ دفاتر کھل چکے ہیں لیکن کئی کمپنیاں اب بھی ورک فرام ہوم کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔
مشہور امریکی کمپنی ایپل نے بھی گذشتہ سال سے اپنے عملے کو ورک فرام ہوم کی سہولت دے رکھی تھی اور اب جب اس نے رواں سال ستمبر سے ملازمین کو دفتر سے کام کرنے کا کہا ہے تو ملازمین کی جانب سے مزاحمت دیکھنے میں آرہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’کم از کم 80 افراد نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں ایک سال سے زائد عرصے کے لیے گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو مزید نرمی دینے کا کہا گیا ہے۔‘
نیوز ویب سائٹ پر شائع کیے گئے خط کے مطابق ’ہم اپنے ساتھیوں میں پائی جانے والی تشویش کے حوالے سے بات کرنا چاہیں گے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہمیں یا تو اپنے خاندان، اپنی خیریت اور بہترین انداز میں کام کرنے کا انتخاب کرنا ہے یا پھر ایپل کا حصہ بنے رہنا ہے۔‘
گوگل، فیس بک اور مائیکروسوفٹ نے بھی اپنے عملے کو ورک فرام ہوم کی سہولت دے رکھی ہے جبکہ کچھ فرمز جیسے کہ ٹوئٹر نے اپنے عملے کو یہ کہہ دیا ہے کہ وہ غیر معینہ مدت تک گھروں سے کام کر سکتے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ’گھروں سے بہت اچھے طریقے سے کام ہوا ہے اور اس نے عملے کو کام اور زندگی کے درمیان بہترین توازن رکھنے کا موقع بھی دیا ہے جبکہ وبا سے متاثر ہونے کے خطرے کو بھی کم کیا ہے۔‘
خط کے مطابق ’ہم دنیا بھر میں خود کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ پہلے سے زیادہ بہتر رابطے میں محسوس کرتے ہیں۔‘
عملے کی جانب سے دستخط شدہ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم آفس آنے کے بجائے جس طرح ابھی کام کر رہے ہیں اسی طرح کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایگزیکٹیو ٹیم کی گھروں سے کام کے حوالے سے سوچ ایپل کے ملازمین کے تجربے سے مختلف ہے۔‘