Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی سطح پر ای کامرس، میڈیا ویب سائٹس مکمل یا جزوی طور پر متاثر

متعدد صارفین نے شکایت کی کہ وہ ویب سائٹس کو اوپن نہیں کر پا رہے (فوٹو: پکسابے)
دنیا کے مختلف ملکوں میں ای کامرس، سوشل نیٹ ورکنگ، انٹرٹینمنٹ اور میڈیا کے شعبوں سے متعلق متعدد مقبول ویب سائٹس خاصی دیر تک مکمل یا جزوی طور پر بند رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوئی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق منگل کی سہ پہر کو سامنے آنے والی شکایت میں متعدد ملکوں سے تعلق رکھنے والے صارفین نے شکایت کی تھی کہ وہ آن لائن شاپنگ اور میڈیا کے شعبے سے متعلق کئی امریکی، برطانوی اور دیگر ملکوں کی ویب سائٹس اوپن نہیں کر پا رہے۔
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز باالخصوص ٹوئٹر پر مسئلے کی نشاندہی کرنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ مذکورہ ویب سائٹ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اس میں کامیاب نہیں ہو پا رہے، ایسے متعدد صارفین نے دکھائی دینے والے ایرر میسیج کو بھی دوسروں سے شیئر کیا۔

امریکی میڈیا پلیٹ فارمز سی این این، نیو یارک ٹائمز، بلومبرگ، برطانوی میڈیا پلیٹ فارمز گارڈین اور انڈی پینڈنٹ سمیت امریکی ای کامرس ویب سائٹ امیزون، انٹرٹینمنٹ اور سوشل پلیٹ فارمز سپوٹیفائی، ریڈٹ، شوپیفائی اور حکومت برطانیہ کی ویب سائٹ ان پلیٹ فارمز میں شامل ہیں جو کلی یا جزوی طور پر ڈاؤن رہیں۔
اردو نیوز نے معاملے کو پرکھنے کے لیے خود صورتحال کا جائزہ لیا تو متعدد ویب سائٹس کلی یا جزوی طور پر بند پائی گئی تھیں۔
 

آن لائن خریداری کے لیے عالمی سطح پر معروف پلیٹ فارمز میں سے ایک امیزون کی ویب سائٹ بھی کبھی مکمل ڈاؤن رہی۔ جب کہ کسی وقت لوڈ ہوئی تو مکمل ویب سائٹ کے بجائے خراب لے آٓؤٹ کے ساتھ کچھ ہی فیچر اپ لوڈ ہو سکے۔
بعد ازاں امیزون کی ویب سائٹ خاصی دیر تک متاثر رہنے کے بعد کھلنا شروع ہو گئی تاہم دیگر ویب سائٹس مکمل یا جزوی طور پر بند اور وزیٹرز کو ایرر میسیج دکھا رہی تھیں۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ٹیک کرنچ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کنٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک فاسٹلی کی سروس متاثر ہوئی تھی۔ اس کی وجہ سے ایک گھنٹے تک ریڈٹ، سپوٹیفائی، ٹویچ، حکومت برطانیہ کی آفیشل ویب سائٹ، پے پال، ومیو، شاپیفائی سمیت متعدد مقبول ویب سائٹس بند رہی ہیں۔
 
کنٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے ادارے فاسٹلی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر ’سروس سٹیٹس‘ میسیج کے ذریعے مسئلے کی نشاندہی کی گئی تو ساتھ ہی اس سے متعلق اپ ڈیٹ بھی شیئر کی جاتی رہیں۔

منگل کو رپورٹ ہونے والے تکنیکی مسئلے کی نوعیت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی تھی تاہم ویب سائٹس کھولنے کی کوشش کرنے والوں کو ’ایرر 503 سروس ان اویلبل‘ کا پیغام دکھائی دیتا رہا۔
صارفین کو یہ ایرر میسیج اس وقت دکھائی دیتا ہے جب ان کی مطلوبہ ویب سائٹ کو ہوسٹ کرنے والی کمپنی کا سرور ڈاؤن ہو یا پھر ویب سائٹ کی کنفیگریشن میں کوئی ایسا مسئلہ آ جائے جو اس تک محفوظ رسائی کو ممکن نہ رہنے دے۔

شیئر: