’ملازمت کا معاہدہ تین سال سے زیادہ چلنے پر غیرمعینہ مدت کے ایگریمنٹ میں تبدیل‘
یہی قانون سالانہ معاہدوں والے سرکاری ملازمین پر بھی لاگو ہوگا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے سیکریٹری برائے لائحہ جات عادل الیوسف نے کہا ہے کہ’اگر ملازمت کا معاہدہ تین برس سے زیادہ مدت تک چلتا رہے تو وہ لامحدود مدت کے معاہدے میں تبدیل ہوجائے گا‘۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عادل الیوسف نے کہا کہ’ یہی قانون سالانہ معاہدوں والے سرکاری ملازمین پر بھی لاگو ہو گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ اگر ان کی ملازمت کا معاہدہ تین برس سے زیادہ مدت تک جاری رہے تو ایسی صورت میں نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین کی طرح ان کی ملازمت کا معاہدہ بھی غیر معینہ مدت والے معاہدہ ملازمت کی شکل اختیار کر لے گا‘۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے سیکریٹری نے بتایا کہ ’سعودی کابینہ نے حال ہی میں جن سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے ان کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے‘۔
’نئے ضوابط کا تعلق سعودی ملازمین کی ریٹائرمنٹ اور معاہدہ ملازمت کے اختتام پر نہایۃ الخدمۃ (اینڈ آف سروس) وغیرہ امور سے ہے‘۔