Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سمندری فضلہ ٹھکانے لگانے کے لئے نیا منصوبہ

امارات کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی یونانی کمپنی سے مل کر آغاز کر رہی ہے۔ (فوٹو وایا)
متحدہ عرب امارات کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بیئہ اور یونانی پائداری کمپنی پولی گرین نے ایک نئی کمپنی کا آغاز کیا ہے جو سمندری اور ماحولیاتی انتظامی حل پیش کرے گی۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشترکہ منصوبہ ایوو گرین خطے کے سمندروں کے تحفظ کے لئے سمندری فضلہ ٹھکانے لگانے کے لئے اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کرے گا۔

یہ منصوبہ سمندر کے تحفظ کے لئے اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کرے گا۔ (فوٹو دی نیشنل)

بیئہ کے چیئرمین سلیم بن محمدالاویس نے کہا کہ ایووگرین بحری فضلے کے انتظام کی صنعت میں بہترین طریقوں کو فروغ دینے اور متحدہ عرب امارات اور وسیع تر خطے کے لئے تاریخی نتائج حاصل کرنے کی جانب پیش قدمی کرے گی۔
نئی کمپنی پہلے ہی بیئہ کے شارجہ کمپلیکس میں متبادل خام مال کی سہولت قائم کر چکی ہے۔ یہ سمندری فضلے اور سمندرسے متعلق مضر فضلے کو پراسس کرکے صنعتی استعمال کے لئے متبادل مواد تیار کرتا ہے۔

یہ چیلنج عالمی کوششوں کے لئے ایک سنگ میل ہے۔(فوٹوخلیج ٹائمز)

ایوو گرین فی الحال ایک اور سہولت تعمیر کر رہی ہے جو گندے نالوں کے ذریعے آنے والے فضلے کو پراسس کر سکے گی اور مواد کو متبادل ایندھن میں بدل سکے گی۔
مذکورہ دونوں سہولتیں متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں پرآنے والے بحری جہازوں سے مضر اور غیر مضر فضلہ اکٹھا کریں گی، اسے ریسائیکل کریں گی اور اسے بحال کریں گی۔
پولی گرین کے سربراہ اتھناسیاس پولی کرونوپولوس نے کہا کہ ایووگرین کا آغاز ماحول کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے کی جانیوالی عالمی کوششوں کے لئے ایک سنگ میل ہے۔
یہ کمپنی سمندر میں تیل پھیلنے پرردعمل کی خدمات ، مشکلات کا شکار بحری جہازوں کے انتظام کے ساتھ ساتھ ری سائیکلنگ اور بحالی کے حل بھی پیش کرے گی۔
 

شیئر: