منبر پر چڑھنے سے روکنے والے سیکیورٹی اہلکار کےلیے اعزاز
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے توصیفی سند پیش کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں منبر پر چڑھنے سے روکنے والے سیکیورٹی اہلکار محمد بن علی الزہرانی کو اعزاز سے نوازا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق السدیس نے محمد بن علی الزہرانی کو توصیفی سند پیش کی اور کہا کہ ’ مسجد الحرام میں امن و امان قائم کرنے و رکھنے اور احساس ذمہ داری پر سلام شکر پیش کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ وطن عزیز کے مختلف شعبوں کی سیکیورٹی پر مامور محافظ پیشہ ورانہ استعداد اور جرات و شجاعت کی خوبی کے مالک ہیں‘۔
’مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سلامتی کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی کاوشیں قابل قدر ہیں‘۔
یاد رہے کہ جمعہ اکیس مئی کو سیکیورٹی اہلکار محمد الزہرانی نے ایک شخص کو مسجد الحرام میں خطبہ جمعے کے دوران منبر پر چڑھنے کی کوشش کرنے سے روک دیا تھا۔
ایک شخص نے مطاف کے صحن میں خطبے کے دوران تیزی سے منبر کی طرف پہنچنے کی کوشش کی تاہم وہاں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے یہ فورا ہی کوشش ناکام بنادی اور اسے حراست میں لے لیا۔