مسام پروجیکٹ کے تحت یمن سے مزید 1557 بارودی سرنگوں کا صفایا
مسام پروجیکٹ کے تحت یمن سے مزید 1557 بارودی سرنگوں کا صفایا
بدھ 23 جون 2021 16:45
مسام پروجیکٹ کے تحت اب تک 256،475 بارودی سرنگیں نکالی گئی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
یمن سے بارودی سرنگ صاف کرنے کے سعودی پراجیکٹ (مسام)نے جون کے تیسرے ہفتے کے دوران یمن میں 1،557 مزید بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نےگذشتہ روز منگل کوبتایا ہےکہ ان سرنگوں میں 9 اینٹی پرسنل سرنگیں ، 241 ٹینک شکن بارودی سرنگیں شامل ہیں جب کہ 1،307 مقامات سے ناکارہ بارودی مواد صاف کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر یمنی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے اور ان کی مدد کے اقدامات میں مسام ایک اہم قدم ہے۔
سعودی اور بین الاقوامی ماہرین کی زیر نگرانی یمن کے مختلف علاقوں خصوصا مارب، عدن، صنعا، الجوف، الھاھل، حویدہ، شبوہ اور تعز سے بارودی سرنگیں ناکارہ بنا کر ہٹائی جا رہی ہیں۔
بارودی سرنگیں ان علاقوں میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے نصب کر رکھی ہیں۔
مسام منصوبے کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 256،475 بارودی سرنگیں نکالی گئی ہیں۔
حوثی باغیوں کی جانب سے سیکڑوں شہریوں کی جان لینے کا دعوی کیا جاتا ہے۔ حوثی باغیوں نے یہ بھی دعوی کر رکھا ہے کہ ان علاقوں میں 1.1 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں۔
مسام پروجیکٹ کے تحت کام کرنے والی 32 ٹیمیں ہیں جو یمن کے مختلف علاقوں سے بارودی سرنگوں کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہیں تاکہ عام یمنی شہریوں کی حفاظت کی جاسکے۔
مسام پروجیکٹ کے تحت مقامی مائننگ انجینئروں کو تربیت دی جاتی ہے۔انہیں جدید ساز وسامان فراہم کیا جاتا ہے اور کام کے دوران متاثرین کی مدد کی جاتی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں