Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی: وائرس کا پتہ لگانے کے لیے ای ڈی ای سکینرز کے استعمال کی منظوری

ای ڈی ای سکینرز جسم میں الیکٹرومیگنیٹک ویوز سے کورونا کا فوری پتہ لگا سکتے ہیں۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
کورونا وائرس انفیکشن کا پتہ لگانے کے لیے ابوظبی کے حکام صحت نے ای ڈی ای سکینرز کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ سکیننگ سسٹم ای ڈی ای ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ابو ظبی نے تیار کیا ہے جو برقی مقناطیسی لہروں (الیکٹرومیگنیٹک ویوز) کی مدد سے انفیکشن کا پتہ لگا سکتا ہے۔
جسم میں جب کورونا وائرس کے آر این اے ذرات ہوتے ہیں تو الیکٹرومیگنیٹک ویوز میں تبدیلیاں رونما ہو جاتی ہیں۔
لہٰذا ای ڈی ای سکینرز ان الیکٹرومیگنیٹک ویوز سے کورونا وائرس کا فوری پتہ لگا سکتے ہیں۔
ابوظبی میں حکام نے یہ فیصلہ شہر میں دیگر مقامات پر کیے جانے والے پائلٹ ٹرائل کے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے۔
ان مقامات میں غنٹوٹ انٹری پوائنٹ، یاس آئیلینڈ پر کچھ مقامات اور مسافاہ کے علاقے میں داخلی اور خارجی راستے شامل ہیں۔
یہ ٹرائل 20 ہزار سے زائد افراد پر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرائل کے نتائج میں دکھایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا پتہ لگانے کے لیے ای ڈی ای سکینرز کا استعمال کافی موثر رہا ہے۔

ای ڈی ای سکینرز کو جانچ کے دیگر منظور شدہ طریقوں کے ساتھ استعمال کیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

نتائج میں وائرس سے متاثرہ افراد کی شناخت میں 93.5 فیصد اور غیر متاثرہ افراد کی شناخت میں 83 فیصد درستی ظاہر ہوئی ہے۔
اس حوالے سے ابوظبی محکمہ صحت کے سکریٹری جمال محمد الکابی کا کہنا ہے کہ ’ہمیں ابوظبی میں بنائی گئی ای ڈی ای سکیننگ ٹیکنالوجی کو احتیاطی اقدامات میں شامل کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔‘ ان کے بقول ’ اس سے علاقوں کو محفوظ رکھنے اور عوامی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ای ڈی ای سکینرز کو پی سی آر اور ڈی پی آئی جیسے دیگر منظور شدہ جانچ کے طریقوں کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔‘

شیئر: