Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاگ ان کیے بغیر فیس بک کو کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟

فیس بک ڈیٹا تک رسائی کے لیے لازم ہے کہ پروفائل نے اس کی اجازت دے رکھی ہو۔ (فوٹو: فیس بک)
سوشل میڈیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارم فیس بک کے زیادہ تر فیچرز ایسے ہیں جن تک رسائی کے لیے لازم ہے کہ صارف نے لاگ ان کر رکھا ہو۔
ڈائریکٹری لسٹنگ اور سٹریٹجک سرچ تکنیک کے ذریعے فیس بک کے کچھ فیچرز کو بغیر لاگ ان کیے بھی براؤز کیا جا سکتا ہے لیکن اکاؤنٹ کے بغیر پروفائلز کو دیکھنا ممکن نہیں ہوتا۔ اگر کوئی دوست آپ کو لنک بھی دے تو بھی لاگ ان کے بغیر اسے نہیں دیکھا جا سکتا۔
الرجل میگزین میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق کچھ طریقے ایسے ہیں کہ جنہیں اپنا کر لاگ ان کیے بغیر بھی فیس بک کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گوگل، بنگ یا دیگر سرچ انجنز کے ذریعے فیس بک پر کسی خاص مواد کو سرچ کیا جا سکتا ہے۔ اس طریقے کے ذریعے فیس بک کو بغیر اکاؤنٹ یا لاگ ان کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فیس بک کسی مواد کی تلاش کے لیے سرچ انجن کی سرچ بار میں پہلے فیس بک کا ایڈریس facebook.com لکھیں پھرسپس کے بعد جو تلاش کرنا ہے وہ لکھ کر انٹر کریں تو سرچ انجن کے ذریعے مطلوبہ مواد تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
کسی خاص موضوع پر فیس بک سے کچھ تلاش کرنا ہو تو سرچ انجن پر ڈومین نیم لکھیں اور اس کے بعد جو سرچ کرنا مقصود ہو وہ لفظ لکھ کر انٹر کریں۔
فیس بک پیجز، گروپس حتی کہ انفرادی پروفائلز پر موجود ایسا مواد جیسا میں مذکورہ لفظ ہو گا، سرچ انجن آپ کو ایک پیج پر دکھا دے گا۔
مثلا اگر آپ کسی فرد کی پرسنل پروفائل دیکھنا چاہتے ہیں تو سرچ بار میں facebook.com لکھیں اور اس کے آگے اس فرد کا نام لکھ کر انٹر کریں۔ اس نام سے متعلق سارے نتائج ایک صفحے پر دکھائی دینے لگیں گے۔
اگر کسی فیس بک صارف نے اپنی پروفائل کی وزیبیلیٹی محدود کر رکھی ہو تو اس صورت میں وہ سرچ انجن میں دکھائی نہیں دے گی۔
فیس بک کے ہر صارف کو یہ سہولت دستیاب ہے کہ وہ چاہے تو خود کو سرچ انجنز کے لیے کھلا رکھے یا محدود کر دے۔ کوئی صارف چاہے تو دیگر فیس بک صارفین کو بھی اپنی پروفائل دیکھنے سے روک سکتا ہے۔

پبلک سرچ نتائج میں مختلف اداروں یا افراد کے پیجز بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ گروپس کا مواد سرچ نتائج میں آنا ضروری نہیں۔
رابطے کی معلومات پتہ، فون نمبر، ویب ایڈریس اور دیگر بنیادی معلومات بھی سرچ انجنز میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ چونکہ گوگل خود بھی بزنس لسٹنگ کر رہا ہوتا ہے اس لیے سرچ کرتے ہوئے وہاں سے بھی یہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
فیس بک پر لاگ ان کیے بغیر سرچ انجن کے ذریعے اگر آپ کسی ایسے فرد کو تلاش کر رہے ہوں جو عوامی سطح پر معروف ہو تو جواب میں اس کی ویب سائٹ، انسٹاگرام، ٹوئٹر اور فیس بک پروفائل یا پیج کے لنک بھی سرچ انجن کے ابتدائی صفحے پر دکھائے جاتے ہیں۔

سوشل سرچ انجن

سوشل سرچ انجنز ایسے ڈیزائن کیے جاتے ہیں کہ وہ سوشل نیٹ ورکس پر دستیاب وسیع ڈیٹا کو پرکھ کر متعلقہ معلومات تلاش کر سکیں۔
ان کے ذریعے فیس بک پر سب کے لیے کھلی رکھی گئی معلومات تک رسائی بغیر لاگ ان بھی ممکن ہے۔
سوشل سرچ انجن کے استعمال کا فائدہ یہ ہے کہ آپ اپنی مطلوبہ معلومات کو جگہ یا دیگر نکات کے ذریعے مزید بہتر کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بہت سے بلامعاوضہ خدمات فراہم کرنے والے سرچ انجنز موجود ہیں، ان میں سے ہر ایک مختلف انداز سے مطلوبہ معلومات تک رسائی مہیا کرتا ہے۔

سوشل سرچ انجن پر نام کے ذریعے کسی فرد کو تلاش کیا جا سکتا ہے لیکن بہت زیادہ معروف نام سرچ کرنے پر جواب میں بہت سی ملتی جلتی معلومات اکٹھی کر کے دکھائی جاتی ہیں۔
ویب سائٹ کے لیے مخصوص سرچ انجن استعمال کر کے سرچ کے نتائج کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ضروری ہے کہ جس فرد کو آپ تلاش کر رہے ہیں اس نے اپنی پروفائل کو سرچ انجنز میں دکھانے کی اجازت دے رکھی ہو۔
کچھ سوشل سرچ انجنز کسی خاص ہیش ٹیگ یا موضوع کے حوالے سے نتائج دکھانے کی سہولت بھی پیش کرتے ہیں۔
’سوشل سرچر‘، ’بزسومو‘ اور ٹاک واکر‘ زیادہ معروف سوشل سرچ انجنز ہیں جو اپنے استعمال کنندہ کو متعدد طریقوں سے سوشل میڈیا سے متعلق ڈیٹا تک رسائی مہیا کرتے ہیں۔

بغیر لاگ ان کیے فیس بک پر پروفائلز دیکھیں

اگر چہ فیس بک کی خواہش ہوتی ہے کہ اس پر بنی پروفائلز دیکھنے کے لیے اکاؤنٹ بنایا یا لاگ ان کیا جائے، تاہم سوشل نیٹ ورک یہ اجازت دیتا ہے کہ پبلک پروفائلز کو لاگ ان کیے بغیر بھی دیکھا جا سکے۔
صارف کی سیکیورٹی سیٹنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیس بک اس کی معلومات دکھاتا ہے۔ کسی فرد کی فرینڈ لسٹ میں موجودگی اور فیس بک پر اکاؤنٹ کے بغیر اس کے متعلق بہت زیادہ معلومات دیکھی نہیں جا سکتیں۔
اگر آپ بغیر اکاؤنٹ کے کسی فیس بک پروفائل کو لازما دیکھنا چاہتے ہیں تو اپنے کسی ایسے دوست کی مدد لیں جو فیس بک پر اکاؤنٹ رکھتا ہو اور وہاں لاگ ان ہو۔ اس کی پروفائل سے مطلوبہ معلومات سرچ کر لیں۔

لاگ ان کیے بغیر فیس بک ڈائریکٹری براؤز کریں

فیس بک کی جانب سے ڈائریکٹری کے ذریعے یہ سہولت بھی دی جاتی ہے کہ آپ لاگ ان کیے بغیر ابتدائی نوعیت کی معلومات حاصل کر سکیں۔ اس کے ذریعے پروفائل، مقامات اور پیجز کو سرچ کیا جا سکتا ہے۔

اپنے براؤزر میں فیس بک ڈائریکٹری کا یوآرایل لکھ کر https://www.facebook.com/directory/pages/ انٹر کریں۔
یہاں دکھائی دینے والی سرچ بار میں اپنی مطلوبہ سرچ لکھ کر انٹر کریں اور اس کے متعلق سامنے آنے والی تفصیل دیکھیں۔
یہ ویسی ہی معلومات ہوں گی جو سرچ انجنز میں دکھائی جاتی ہیں۔
فیس بک کی جانب سے یہ حصہ بظاہر سرچ انجنز کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ وہ سوشل نیٹ ورک پر موجود مواد کو انڈیکس کر سکیں۔ تاہم اگر کوئی فرد سوشل نیٹ ورک پر لاگ ان نہ ہو تو وہ فیس بک ڈائریکٹری کو سرچ انجن کے طور پر بھی استعمال کر سکتا ہے۔

پرائیویسی اور بغیر لاگ فیس بک کا استعمال

فیس بک پروفائلز کی پرائیویسی سیٹنگز اس بات کا تعین کرتی ہیں کہ کسی فرد کے متعلق دیگر فیس بک صارفین یا یا وہ لوگ جو سوشل نیٹ ورک کے صارف نہیں ہیں کیا کچھ جان سکتے ہیں۔
ان سیٹینگز کے ذریعے صرف وہی فرد معلومات تک رسائی حاصل کر سکے گا جسے پروفائل کے مالک نے اجازت دی ہو گی۔
اگر کوئی فیس بک اکاؤنٹ اپنی پرائیویسی کو زیادہ سے زیادہ کی حد پر رکھتا ہے تو ایسے یوزر سے براہ راست رابطے کے بغیر اس کے متعلق جانا نہیں جا سکتا۔

شیئر: