امریکہ کی جانب سے عطیہ کردہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
موڈرنا ویکسین کی یہ کھیپ کوویکس، یونسیف اور حکومت پاکستان کی شراکت سے پاکستانی عوام کے لیے مہیا کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’ویکسین کی یہ کھیپ امریکہ کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین کی آٹھ کروڑ خوراکیں تقسیم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔‘
’اس کا مقصد کورونا کے سدباب کے لیے بین الاقوامی سطح پر برابری کی بنیاد پر محفوظ اور موثر ویکسین تک عوامی رسائی کو ممکن بنانا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
رواں برس 7 کروڑ پاکستانیوں کو ویکسین لگائی جائے گی: ڈاکٹر فیصلNode ID: 562841
-
فائزر ویکیسن کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئیNode ID: 569316
امریکی سفارت خانہ کی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے کہا ہے کہ ’پاکستان میں متعین امریکی سفارتی مشن کو یہ محفوظ اور موثر ویکسین پاکستان کے شہریوں میں تقسیم کرنے پر خوشی ہے۔‘
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وائٹ ہاؤس نے جون کے آخر تک آٹھ کروڑ اضافی ویکسینز دنیا بھر میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
21 جون کو وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ ’بائیڈن اور ہیرس انتظامیہ آٹھ کروڑ میں سے پانچ کروڑ 50 لاکھ ویکسینز کو تقسیم کرنے کی فہرست جاری کر رہی ہے۔‘
اعلان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’امریکہ کی اپنی بنائی ہوئی ویکسین کی تقسیم کورونا وائرس کی وبا کو دنیا بھر میں ختم کرنے کے لیے صدر جو بائیڈن کے عزم کے تحت کی جائے گی۔‘
