فائنل مصری دارالحکومت قاہرہ کے ایئر ڈیفنس گراؤنڈ میں کھیلا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے عرب کپ انڈر 20 جیت لیا۔ قاہرہ میں کھیلے گئے فائنل میں سعودی ٹیم نے الجزائر کو 1-2 سے ہرا کر جیت اپنے نام کرلی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عرب کپ انڈر 20 ٹورنامنٹ کا اہتمام عرب فٹبال آرگنائزیشن نے کیا۔ الجزائر اور سعودی ٹیموں کے درمیان فائنل مصر ی دارالحکومت قاہرہ کے ایئر ڈیفنس گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔
سعودی عرب کی طرف سے پہلا گول مصعب الجویر جبکہ دوسرا گول محمد بکر نے کیا۔ الجزائر کی طرف سے واحد گول عادل بولبینہ نے سکور کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے عرب کپ انڈر 20 کے سیمی فائنل میں میزبان ملک مصر جبکہ الجزائر نے تیونس کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔