محمد الترکی ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کمیٹی کے چیئرمین مقرر
محمد الترکی مملکت سے تعلق رکھنے والے نامور پروڈیوسر ہیں(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے دسمبر 2021 میں اگلے ایڈیشن سے قبل محمد الترکی کو فیسٹیول کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق محمد الترکی مملکت سے تعلق رکھنے والے ایک نامور پروڈیوسر ہیں جنہوں نے ہالی وڈ اور عرب دنیا دونوں میں 10 سال سے زیادہ کا کیریئر بنایا ہے۔
محمد الترکی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ میں اس دلچسپ نئے فیسٹیول کی سپورٹ کرنے اور فلم کی آفاقی زبان کے ذریعے لوگوں کو ساتھ لانے کے لیے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شامل ہونے پر فخر کرتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب میں ثقافتی تبدیلی کا مشاہدہ کرنے کا یہ بہترین وقت ہے جب ملک میں وژن 2030 کے لیے غیرمعمولی منصوبے چل رہے ہیں۔یہ فیسٹیول ہماری صنعت کو ترقی دینے، چیمپین بنانے اور نوجوان سعودی اور عرب صلاحیتوں کو سپورٹ کرنے کا بہترین موقع ہے۔‘
واضح رہے کہ محمد الترکی اس وقت فرانس میں کانز فلم فیسٹیول میں شریک ہیں۔
انھوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے لیے اپنے پسندیدہ فیسٹیول میں آنے پر خوش ہوں۔سنیما واپس آ گیا ہے۔‘
کانز فلم فیسٹیول ہر سال منعقد ہوتا ہے تاہم گذشتہ برس کورونا کی وبا کی وجہ سے یہ فیسٹیول منسوخ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ریڈ سی فلم فیسٹیول فاونڈیشن نے گذشتہ ماہ عرب دنیا اور افریقہ کے ہدایت کاروں کے فلمی منصوبوں میں مدد کے لیے 37.5 ملین سعودی ریال( 10 ملین ڈالر )فنڈ کا اعلان کیا تھا۔
عرب نیوز کےمطابق یہ فنڈ سکرپٹ سے سکرین پر اپنا کام منتقل کرنے والے تخلیق کاروں کی مدد بھی کرے گا۔ جس سے فلم سازوں کی ایک نئی نسل سامنے آئے گی۔
ریڈ سی فنڈ اپنے پہلے سال میں 100 سے زیادہ پراجیکٹس میں تعاون کرے گا جس میں افسانوی،دستاویزی اور اینی میشن فیچر فلموں کے ساتھ ساتھ قسط وارسلسلے فلم سازوں کے لیے گیم چینجنگ کے فروغ کا باعث بنیں گے۔