موسم کی صورتحال: پیر کو بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان
جازان اور عسیر ریجنوں میں سیلاب آسکتا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’ پیر کو بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جازان اور عسیر ریجنوں میں سیلاب آسکتا ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ موسمی حالات سے لگتا ہے کہ پیر کو نجران، باحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ مملکت کے شمال مشرقی علاقوں میں سخت گرمی متوقع ہے‘۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ ریاض، مشرقی ریجن اور القصیم میں گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجائے گی‘۔
’اس کا سلسلہ مغربی علاقے کے بالائی مقامات تک پھیل سکتا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے ساحلی مقامات بھی اس کی زد میں ہوں گے‘۔
قومی مرکز نے بتایا کہ ’ سب سے زیادہ گرمی 48 سینٹی گریڈ حفر الباطن میں ہوگی اور سب سے کم درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ السودہ میں رہے گا‘۔