یمنی سیامی بچوں کا آپریشن کل ہوگا
’خصوصی طیارہ سیامی بچوں کو والدین کے ہمراہ لے کر ریاض پہنچ گیا ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کا طبی خدمات کے لیے مختص طیارہ دو یمنی سیامی بچوں یوسف اور یاسین کو ان کے والدین کے ہمراہ لے کر ریاض کے شاہ سلمان فضائی اڈے پہنچ گیا ہے۔
العربیہ کے مطابق یمنی بچوں کو سعودی عرب لانے کی ہدایت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی تھی۔
ان سیامی بچوں کے سر پیدائشی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ کل جمعرات کو کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی ریاض میں ان بچوں کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کیا جائے گا۔
بچوں کے والد محمد عبدالرحمن نے انسان دوست اقدام اور بہترین اکرام و مہمان نوازی پر خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کی انسانیت نوازی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سعودی طبی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کا طویل تجربہ رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ کل ہونے والا یہ آپریشن سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کے سلسلے کا 50 واں آپریشن ہو گا۔