Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کا ووہان کے تمام شہریوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ

ووہان میں باہر سے آ کر کام کرنے والے مزدوروں میں وائرس کے سات کیسز سامنے آئے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
چین نے ووہان شہر کے تمام باشندوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو ووہان کے حکام نے کہا ہے کہ وہ شہر کی تمام آبادی کے کورونا ٹیسٹ کریں گے، یہی وہ شہر ہے جہاں ایک سال قبل کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔
ووہان کے سینیئر عہدے دار لائی تاؤ نے کہا ہے کہ ’ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی کے اس شہر میں تیزی سے جامع نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹنگ شروع کر رہے ہیں۔‘
حکام نے پیر کے روز اعلان کیا  تھا کہ باہر سے آ کر ووہان میں کام کرنے والے مزدوروں میں وائرس کے سات کیسز سامنے آئے ہیں جس نے گذشتہ ایک سال کے دوران مقامی سطح پر نئے کورونا کیسز نہ آنے کے سلسلے کو توڑ دیا ہے۔
چین میں منگل کو کورونا وائرس کے 61 کیسز سامنے آنے ہیں اور تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویرینٹ کے درجنوں شہروں تک پہنچنے کے بعد نانجنگ ائیر پورٹ میں صفائی کرنے والوں میں انفیکشن نے ملک بھر میں کورونا کیسز کے نئے سلسلے کو جنم دیا ہے۔
یہ تازہ اعلان وسطی چین کے صوبے ہنان کے سیاحتی مقام ژانگ جیجی اور اس کے قریبی شہر ژوژو میں اسی نوع کے احکامات جاری کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ کورونا کیسز کا یہ سلسلہ نانجنگ سے ہنان میں گذشتہ ماہ اس وقت پھیلا جب وائرس سے متاثرہ افراد نے نانجنگ ہوائی اڈے پر ایک تھیٹر پرفارمنس میں شرکت کی تھی۔
علاوہ ازیں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کو بیجنگ میں داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چین کامیابی سے مقامی سطح پر کورونا کیسز کی تعداد کو صفر تک لایا تھا اور اپنی معیشت کو بحال کیا تھا لیکن اس سال جولائی کے وسط کے بعد چار سو نئے کیسز سامنے آنا اس کامیابی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

شیئر: