افغان فریق تشدد بند کرکے مذاکرات شروع کریں: او آئی سی
بیان میں افغانستان کی تازہ صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا گیاہے۔( فوٹو ایس پی اے)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے افغانستان کے تمام فریقوں سے کہا ہے کہ وہ تشدد بند کریں اور ملک کے امن و استحکام کے لیے مکالمہ شروع کریں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی نے جمعے کو بیان میں افغانستان کی تازہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی نے افغانستان کے تمام فریقوں سے کہا کہ ’وہ تشدد بند کریں، پائیدار جنگ بندی کریں اور ملک میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا عمل فورا شروع کیا جائے‘۔
او آئی سی نے اپنے بیان میں یہ بھی اپیل کی کہ افغانستان کو درپیش نازک حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فریق افغان عوام کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر ملک میں پائدار امن اور مصالحت کی کوشش کریں‘۔
او آئی سی نے بیان میں مزید کہا کہ ’ امن مشن، مصالحت اور ترقی کے عمل میں اپنا کردار جاری رکھنے کی خواہش ہے‘۔
او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’تنظیم افغانستان میں جامع مصالحت اور امن عمل کی حمایت کی پابند تھی، ہے اور رہے گی۔ قومی ہم آہنگی اور مصالحت کے دائرے میں ترقی، استحکام، پائدار اور جامع مصالحت کی قیادت کے لیے تیار ہے‘۔
علاوہ ازیں ایس پی اے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نےالجزائر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر یوسف العثیمین نے الجزائر میں آتشزدگی میں مرنے والوں کے پسماندگان، الجزائر کی حکومت و عوام سے تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے۔