Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن میں طالبان کے قبضے کے خلاف مظاہرہ، ’افغانوں کو مارنا بند کرو‘

مظاہرین نے ایک بینر اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا کہ ’طالبان نہیں بدلے‘ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
لندن میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے خلاف اور افغان شہریوں کی ساتھ یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کے روز مظاہرین نے مرکزی لندن سے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا اور وزیراعظم بورس جانسن کے دفتر ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ سے ہوتے ہوئے ہائیڈ پارک میں جمع ہوئے۔
ایک طرف امریکہ، مغربی اتحادی اور برطانیہ کابل سے اپنے شہریوں اور دیگر افراد کا انخلا کرنے کی کوشش میں ہیں، جبکہ دوسری جانب برطانوی وزیراعظم پر اس حوالے سے تنقید کی جا رہی ہے۔
مظاہرین نے ایک بینر اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا کہ ’طالبان نہیں بدلے‘، جبکہ کچھ مظاہرین نے پلے کارڈز پکڑ رکھے تھے جن پر ’افغانوں کو مارنا بند کرو‘ اور ’افغان خواتین پر ظلم بند کرو‘ جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں افغانستان کے قومی پرچم تھام رکھے تھے اور طالبان کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
خیال رہے کہ طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ خواتین کے ساتھ اچھا سلوک کریں گے اور غیرملکی افواج کے ساتھ کام کرنے والوں سے انتقام نہیں لیں گے۔
تاہم بہت سے افغان شہری اور احتجاج کرنے والے طالبان کے اس اعلان کو شک کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

شیئر: