Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارب میں حوثیوں اور اتحادی فوجیوں میں لڑائی، 140 باغی ہلاک

حوثیوں نے فروری میں مارب پر قبضہ کرنے کی کوششیں تیز کردی تھیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
یمن کے شہر مارب میں حوثی باغیوں اور حکومت نواز فورسز کے درمیان ہونے والی ایک نئی لڑائی میں 140 باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق حکومتی فوج کے ترجمان نے جمعرات کو بتایا ہے کہ یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا نے شہر کے جنوب میں حکومت کی حامی پوزیشنوں پر حملہ کیا۔
فوجی ترجمان نے مزید وضاحت کی ہے کہ اتحادی فوج کی جانب سے فضائی حملوں میں درجنوں باغیوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
یمن کے سرکاری فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دیگر فوجی اور طبی ذرائع سے تصدیق شدہ اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ اتحادی فورسز کے 25 فوجی ہلاک اور دیگر 50 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ اس لڑائی میں حوثی ملیشیا کے 140 باغی ارکان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ لڑائی یمن کے ایک  بڑے ائیر بیس پر حوثی حملے کے بعد ہوئی ہے۔ گذشتہ اتوار کو یمن کے جنوب میں ہونے والی اس خونریز جھڑپ میں حکومت کے کم از کم 30 حامی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر کے بعد  ہونے والی یہ سب سے بڑی لڑائی ہے۔

اتحادی فورسز کے 25 فوجی ہلاک اور 50 زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت جسے سعودی قیادت والے فوجی اتحاد کی حمایت حاصل ہے اور حوثی باغی ارکان  2014 سے اس  جنگ میں  گھرے ہوئے ہیں اس وقت جب باغیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ حوثیوں نے فروری میں مارب پر قبضہ کرنے کی اپنی کوششیں تیز کردی تھیں۔ قبضے کی اس لڑائی میں دونوں طرف سے سینکڑوں افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

شیئر: