قینچی نہ چلنے پر دانتوں سے افتتاحی تقریب کی ربن کٹنگ
جمعرات 2 ستمبر 2021 15:44
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان نے راولپنڈی میں الیکٹرانکس کی ایک دکان کے افتتاح کے موقع پر ربن کاٹنے کے لیے موجود قینچی کے کام نہ کرنے کا حل نکالا تو دانتوں سے ربن کتر ڈالا۔
صوبائی وزیر کی جانب سے افتتاحی تقریب کے دوران ربن کٹنگ کے لیے دانتوں کے استعمال کے مناظر ایک مختصر سی ویڈیو کے ذریعے سوشل میڈیا پر آئے تو ٹائم لائنز پر ویڈیو میں سنائی دینے والے قہقوں سے زیادہ طنز و مزاح کے رنگ بکھیر گئے۔
جیل خانہ جات اور کالونیز کے وزیر فیاض الحسن چوہان کی جانب سے ’جگاڑ کے ذریعے مسئلہ حل کرنے‘ کی کوشش نے کچھ صارفین کو متوجہ کیا تو دیگر کی دلچسپی اس میں تھی کہ 51 سالہ وزیر دانتوں کی مضبوطی کا خیال کیسے رکھتے ہیں۔
رانا نوید نامی ایک ٹویپ نے ویڈیو میں فیاض الحسن چوہان کی کارکردگی دیکھی تو اس پر ’ہر چیز کے لیے فارمیلیٹیز سے ہٹ کر موجود شارٹ کٹ‘ کا کیپشن جمایا۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والوں نے صوبائی وزیر کے مخصوص انداز گفتگو کا ذکر کیا تو اعتراف کیا کہ فیاض الحسن چوہان اس عمر میں بھی جتنی تیزی سے بولتے ہیں اتنی ہی تیزی سے ان کے دانت بھی چلتے ہیں۔
سیاسی مخالفین کو ویڈیو کی صورت موقع ملا تو کچھ ٹویپس نے دعویٰ کیا کہ ’حکومت بھی ایسے منہ سے ہی چل رہی ہے۔‘
ویڈیو دیکھ کر اپنی حس مزاح کا مظاہرہ کرنے والے کچھ صارفین نے ’واہ۔۔ فیاض چوہان صاحب کے دانت کتنے تیز ہیں‘ کا تبصرہ کیا تو کچھ انہیں ’ماہر جگاڑ‘ قرار دے گئے۔
دانتوں کی مضبوطی کا ذکر ہوا تو کچھ ٹویپس اشتہارات کی دنیا سے وابستہ مرد و خواتین کو متوجہ کرتے رہے کہ وہ ٹوتھ پیسٹ کے کسی اشتہار کے لیے اس آئیڈیا کو سنبھال کر رکھ لیں۔
صوبائی وزیر کے غیر معمولی اقدام پر تبصرہ کرنے والوں نے کہیں ’سائنس کی ترقی‘ کا اعتراف کیا تو کوئی ’افتتاح کے لیے جائیں تو دانت تیز کر کے جائیں‘ کا مشورہ دینے کا موقع بنا گیا۔
فیاض الحسن چوہان کی ویڈیو پر طنز و تنقید کا سلسلہ آگے بڑھا تو صوبائی وزیر نے ٹوئٹر پر معاملے کی وضاحت بھی کی۔ انہوں نے اپنے اقدام کو ’نیا عالمی ریکارڈ‘ قرار دیا اور اس کا مقصد ’مالک دوکان (دکان) کو شرمندگی سے بچانا‘ بتایا تو اسے ’دوکان (دکان) کے افتتاح کا انوکھا انداز‘ بھی تسلیم کیا۔
صوبائی وزیر کی وضاحت نے کچھ ٹویپس کو مطمئن کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو ’عالمی ریکارڈ‘ کے نکتے پر بات کرتے ہوئے یہ تک کہہ گئے کہ ’اگر اسی طرح ریکارڈ قائم ہوتے رہے تو ایک دن ہم سپر پاور بن جائیں گے۔‘
صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پیدا ہونے والے فیاض الحسن چوہان حکمران جماعت تحریک انصاف کے ٹکٹ پر راولپنڈی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ موجودہ صوبائی کابینہ میں جیل خانہ جات، کالونیز سمیت اطلاعات کی وزارتوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔