مخصوص افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی
مہم کے دوران 3 ہزار297 گاڑیوں کے مالکان کے چالان کیے گئے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مخصوص افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہےـ
ویب نیوز سبق نے محکمہ ٹریفک کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’مملکت کے مختلف علاقوں سے مہم کے دوران 3 ہزار297 گاڑیوں کے مالکان کے چالان کیے گئے جو مخصوص پارکنگ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے‘ـ
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ’ مخصوص افراد کی پارکنگ پرعام لوگوں کا گاڑی پارک کرنا خلاف قانون ہے جس پرادارے کی جانب سے چالان کیاجاتا ہے‘ـ
واضح رہے ٹریفک پولیس کی جانب سے وقتا فوقتا مخصوص افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کی جاتی ہے جس میں ایسی گاڑیوں کا فوری طورپر چالان کیاجاتا ہے جو مخصوص پارکنگ میں کھڑی کی جاتی ہیں۔
معذورافراد کےلیے سرکاری اداروں یا تجارتی مالز کے قریب ترین پارکنگ مخصوص کی جاتی ہے جہاں عام لوگوں کا گاڑی کھڑی کرنا منع ہےـ
ٹریفک پولیس کی جانب سے مخصوص پارکنگ استعمال کرنے والوں کو خصوصی اسٹیکرز جاری کیے جاتے ہیںـ
اگر کسی گاڑی پر ایسے اسٹیکرز چسپاں نہ ہوں تو ادارے کے اہلکار ان گاڑی کے مالکان کے خلاف فوری چالان کرتے ہیں جو مذکورہ خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں۔