Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ خصوصیات جو کیریئر میں ترقی کے لیے معاون ہو سکتی ہیں

آگے بڑھنے کی خواہش کس کو نہیں ہوتی لیکن ہر کوئی ترقی نہیں کر پاتا، کوئی ریٹائرمنٹ تک ایک آدھ قدم ہی بڑھ پاتا ہے، کوئی 50 فیصد تو کوئی دیکھتے ہی دیکھتے کہاں سے کہاں نکل جاتا ہے۔
ایسا کیوں ہے، کسی شعبے میں سب کی ڈگری کم و بیش ایک جیسی ہوتی ہے، جبکہ مواقع بھی ایک جیسے ملتے ہیں۔
الرجل کی رپورٹ کے مطابق اس کی وجوہات ایک نہیں کئی ہیں جن میں سے اہم ترین ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

1: خوش اخلاقی

آپ کام کے بھلے ماہر ہوں لیکن اخلاقیات کے معاملے میں ہاتھ تنگ ہو سمجھ لی جیے کہ آگے بڑھنا مشکل ہوگا۔
اگرچہ یہ بہت اہم نکتہ ہے لیکن پھر بھی بہت سے لوگ اس کو نظرانداز کر جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے لیے راستے نہیں کھلتے۔
اخلاقیات کو صرف سلام دعا، رکھ رکھاؤ تک محدود رکھنا بھی درست نہیں، اس کے دائرے میں کمپنی کی پالیسی اور کام کرنے کے مقام کے تمام اصول و ضوابط بھی شامل ہوتے ہیں۔

اخلاقیات کے معاملے میں ہاتھ تنگ ہو تو آگے بڑھنا مشکل ہوگا۔ (فوٹو: الرجل)

2: مطلوبہ تربیت

آج کے دور میں کیریئر کو شروع کر دینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ کچھ اور چیزیں بھی ہیں جو اس کا سٹیرئنگ آپ کے ہاتھ میں دیتی ہیں اور انہی میں سے ایک ہے وہ تربیت جو آپ کو کام سے جوڑے رکھے۔
اس لیے آپ کو تربیت اور تعلیمی کورسز کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
اس میں کچھ مہارتیں سیکھنے سے متعلق عام ٹریننگز شامل ہیں، جیسے سی وی بنانا اور نوکری سے متعلق خصوصی ٹریننگ، جو آپ کو یہ جاننے کے قابل بنائے گی کہ اپنے کاموں کو مثالی طریقے سے کیسے انجام دیا جائے۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ اپنی قدر میں اضافہ کرواتے ہیں جس کا ریوارڈ آگے چل کر آپ کو ملتا ہے۔

3: مشاورت

آپ کو اپنے کیریئر میں کئی فیصلے کرنا پڑتے ہیں جن میں کچھ بالکل نئی نوعیت کے ہوتے ہیں اور آپ کچھ ہچکچاہٹ میں بھی ڈال سکتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ آپ کا کوئی سرپرست یا کیریئر کونسلر ہو، جس کو متعلقہ فیلڈ کا تجربہ ہو۔
آپ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی رہنمائی اور رائے حاصل کریں، تاکہ آپ جو فیصلے کرنے جا رہے ہیں ان کے اثر سے آگاہ رہیں۔
اس سے آپ کو بہت وقت اور پیسہ بچانے میں مدد ملے گی کیونکہ آپ کو ایک مشاورت سے کئی سالوں کے کام کے تجربات ملیں گے۔
ایسی شخصیت کمپنی میں کوئی سینیئر عہدیدار بھی ہو سکتا ہے یا پھر کمپنی سے باہر کوئی شخص بھی۔

آگے بڑھنے کی خواہش کس کو نہیں ہوتی لیکن ہر کوئی ترقی نہیں کر پاتا۔ (فوٹو: الرجل)

4: مسلسل سیکھنا

سیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور ڈیجیٹل دنیا میں روزانہ نئی نئی چیزیں سامنے آتی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ بغیر کسی حرکت کے اپنی جگہ پر کھڑے رہنے یا مطمئن ہونے کے بجائے کیریئر کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سیکھنے کی ضرورت ہے۔
آپ کو اپنے کام سے متعلق کسی بھی نئی چیز کو جاننے کا شوق ہونا چاہیے، تجسس ہونا چاہیے کہ فیلڈ میں کون کون سے ٹولز استعمال ہوتے ہیں اور نئے کون سے آ رہے ہیں۔ ان کو کیسے استعمال کیا جاتا ہے، اس سے کمپنی میں آپ کا کردار نمایاں ہوتا ہے جس سے یقینی طور پر آپ کی کامیابی کے امکانات بڑھتے ہیں۔

5: مستقبل کا لائحہ عمل

آپ خود کو پانچ سال بعد کہاں دیکھنا چاہتے ہیں؟ ہو سکتا ہے ذاتی زندگی میں کوئی آپ سے یہ پوچھے تو شاید اچھا نہ لگے لیکن یہ سوال خود اپنے آپ سے پوچھیں۔
ساتھ یہ بھی پوچھیں کہ اس سوال کے بارے میں آپ کی خواہش یا جواب کیا ہے اور اس حوالے سے آپ نے کیا منصوبہ بندی کی ہے۔
آپ اپنی صلاحیتوں کے مطابق اہداف مقرر کر کے ایسا کر سکتے ہیں، یہ کمپنی کے لیے بھی ہو سکتا ہے یا پھر ذاتی کاروبار میں بھی اس کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ جب آپ کے پاس مستقبل کے لیے ویژن ہوگا تو آپ بہتر فیصلے کرنے کے قابل ہو جائیں گے اور دستیاب تمام مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، اس سے بھی آپ کے آگے بڑھنے کے امکانات روشن ہوتے ہیں۔

اگر آپ کو کیریئر کی سیڑھی کے بارے میں نہیں معلوم تو یہیں سے آپ کے نمبر کٹتے ہیں۔ (فوٹو: الرجل)

6: کیریئر کی سیڑھی

آپ کسی بھی میدان میں ہوں اس میں کیریئر بنانے کے لیے ایک خصوصی طریقہ کار ہوتا ہے جسے کیریئر کی سیڑھی کہا جاتا ہے۔
اگر آپ کو اس سیڑھی کے بارے میں نہیں معلوم تو یہیں سے آپ کے نمبر کٹتے ہیں مگر پریشان ہونے کے بجائے کسی سینیئر سے اس بارے میں رہنمائی لی جا سکتی ہے جیسا کہ ’مشاورت‘ والے نکتے میں بتایا گیا ہے۔

7: اپنا جائزہ

کام سب کرتے ہیں، کرنا بھی چاہیے تاہم ساتھ ساتھ اپنا جائزہ بھی لیتے رہیں کہ آپ درست جا رہے ہیں یا نہیں۔ اس کے لیے آپ خود تشخیص کی مشق کر سکتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے مینیجر کے ردعمل سے بھی اندازہ لگا سکتے ہیں جبکہ ان لوگوں سے بھی رائے مانگ سکتے ہیں جن پر آپ اعتماد کرتے ہیں۔

8: طاقت اور کمزوریاں

ایک اہم چیز یہ بھی ہے کہ آپ کو پتہ ہو کہ کون سی مہارتیں آپ کی طاقت ہیں اور کون سی کمزوریاں۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ مخصوص مہارتیں بڑھا کر کمزوریوں پر قابو پا لیں گے، چاہے آپ بہترین ہوں لیکن چھوٹی سی کمزوری بھی آپ کے بارے میں تاثر کو خراب کر سکتی ہے اس لیے ضروری ہوگا کہ کمزوریوں پر قابو پایا جائے۔

کیریئر کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سیکھنے کی ضرورت ہے۔ (فوٹو: ان سپلیش)

9: کامیاب لوگوں سے تعلق

درحقیقت آپ کے آس پاس لوگ آپ کی کامیابی یا ناکامی میں کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے آپ کو
ان لوگوں کے بارے میں احتیاط سے سوچنا چاہیے جنہیں آپ اپنے ارد گرد رکھتے ہیں اور ایسے کامیاب لوگوں کا انتخاب کرنا یقینی بنائیں جو آپ کے کیرئیر میں مددگار ہو سکتے ہیں۔

10: مثبت اپروچ

منفی باتوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ منفی لوگوں سے بھی دور رہیں۔ دوسروں کے بارے میں زیادہ بات کرنا خصوصاً منفی انداز میں بھی آپ کے راستے بند کرنے کا باعث بنتا ہے۔ اس لیے کسی کی ٹوہ میں لگنا بھی درست عمل نہیں جو آپ کی شخصیت کو متنازعہ بنا سکتا ہے۔
اپنے کام کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانیں لیکن مثبت انداز میں، ظاہر ہے اس میں مثبت لوگ ہی آپ کی مدد کر سکتے ہیں اس لیے اچھا سوچیے، اچھی بات کیجیے اور مثبت اپروچ رکھیے۔

شیئر: