ریاض فرنٹ تجارتی میلے میں انٹیریئر ڈیزائننگ کے شعبے میں پیش رفت
ریاض فرنٹ تجارتی میلے میں انٹیریئر ڈیزائننگ کے شعبے میں پیش رفت
جمعرات 9 ستمبر 2021 16:16
کورونا کے ڈیڑھ سالہ عالمی تعطل کے بعد یہ موقع انڈسٹری کو قریب لایا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
ریاض میں جاری پریمیئر انٹیریئر ڈیزائن اور ٹریڈ شو انڈیکس سعودی خریداروں اور فروخت کنندگان کو بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ کے لیے ہزاروں صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض فرنٹ نمائش اور کانفرنس سینٹر میں 7 تا 9 ستمبر ہونے والا سہ روزہ تجارتی شو یہاں آنے والوں کو صنعت میں پیش رفت اور سعودی مارکیٹ کی ضروریات اور رجحانات پر تبادلہ خیال کرنے کا بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔
یہاں موجود ایک پرائیویٹ کمپنی کی مالکن اور ڈیزائنر فائزہ عبداللہ الصارمی نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ یہاں پر ہم بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کسٹمر کے لیے بہت اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کر سکتے ہیں۔
فائزہ عبداللہ نے بتایا کہ ہم اپنے آر ٹ ورک اور فرنیچر کے ذریعے ہوٹل میں انٹیریئر ڈیزائننگ کرتے ہیں۔ہمیں امید ہے کہ یہ ہوٹل شو ہمیں اپنا ہدف حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
سعودی عرب میں جاری متعدد تعمیراتی منصوبے اینٹریئر ڈیزائن مارکیٹ کو بہت فروغ دے رہے ہیں۔
ریاض شہر میں تیزی سے وسعت آنے کے بعد ایسے بہت سارے منصوبے اور کاروبار بڑھانے کا مناسب موقع ہے۔
انڈیکس سعودی تجارتی میلے میں شرکت کرنے والی پولینڈ کی کمپنی ہینڈی کرافٹ ڈیزائن کے سی ای او پیٹرک کوکیمسکی نے کہا ہےکہ سعودی عرب بین الاقوامی کاروبار کے لیے بہترین ملک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے یہاں کئی لوگوں سے ملاقات ، مارکیٹ کی ضروریات اور فرنیچر کے شعبے میں رجحانات پر تبادلہ خیال کیا اور مجھے یہاں پذیرائی ملی ہے۔
ایک انٹیریئر ڈیزائنراسامہ الزوبی نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے ڈیڑھ سال تک عالمی تعطل کے بعد یہ موقع انڈسٹری کے لوگوں کو قریب لے کر آیا ہے۔
العقیل فرنیچر فیکٹری کے ڈپٹی جنرل منیجر احمد صالح العقیل نے کہا کہ ان کا کاروبار ہوٹلوں، کمپاؤنڈز ، ریزورٹس اور سٹورز کو خدمات فراہم کرتا ہے۔
ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہاں امریکہ ، یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں سے بین الاقوامی ہوٹلوں اور بڑی کمپنیوں کی موجودگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وژن 2030 کے مطابق میگا پروجیکٹس سمیت یہاں کئی تعمیراتی منصوبے جاری ہیں اور یہ پلیٹ فارم سپلائرز اور مینوفیکچررز کو انٹیریئر ڈیزائنرز ، آرکیٹیکٹ ، پراجیکٹ منیجرز اور ریٹلرزسے جوڑتا ہے ۔
سعودی عرب میں جاری منصوبوں میں ریڈسی ڈویلپمنٹ، نیوم، القدیہ، الدرعیہ ، کنگ سلمان پارک کے علاوہ جدہ میٹرو اور جدہ ٹاور کے پراجیکٹ شامل ہیں۔
یہاں پر مختلف رہائشی اور تجارتی منصوبوں کی تعمیر میں تقریبا 10.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔جس سے انٹیریئر ڈیزائنر کے شعبے کی ترقی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت سعودی عرب مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی تعمیراتی مارکیٹ ہے۔
سیاحت کی حوصلہ افزائی کے لیے قوانین میں نرمی کے ساتھ تفریحی صنعت میں دنیا کے لیے اپنے دروازے کھول رہی ہے۔
سعودی عرب میں نوجوانوں کو اپنے کیریئر کے لیے مقامی مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبوں کے انتخاب کے لیے حوصلہ افزائی کے ساتھ اس صنعت میں مضبوط ترقی کی توقع ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں