سعودی وزیر خارجہ کی فلسطینی ہم منصب سے ملاقات
جمعرات 9 ستمبر 2021 21:56
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اردنی نائب وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی (فوٹو ، ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی سے قاہرہ میں ملاقات کی-
وہ عرب وزرائے خارجہ کے 156 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے مصر پہنچے ہوئے ہیں-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق انہوں نے فلسطین اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون کے طور طریقوں کا جائزہ لیا- علاوہ ازیں فلسطین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا-
سعودی اور فلسطینی وزرائے خارجہ نے عرب وزرا کے ایجنڈے پر موجود موضوعات کے علاوہ بین الاقوامی اور علاقائی حالات حاضرہ پر بھی بات چیت کی-
دریں اثنا سعودی وزیرخارجہ نے قاہرہ میں ہی اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ڈاکٹر ایمن الصفدی سے بھی ملاقات کی- انہوں نے تمام شعبوں میں اردن اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا- وزرا کا ایجنڈہ بھی زیر بحث آیا جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا-