شمالی حدود ریجن میں ایس او پیز کی خلاف ورزی، 70 افراد گرفتار
خلاف ورزیوں پر 6 دکانوں کو سیل اور 156 کے خلاف چالان کیے گئے۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرمتعلقہ اداروں کی جانب سے تادیبی کارروائیاں جاری ہیں۔
شمالی حدود ریجن میں 70 افراد کو اجتماع کی خلاف ورزی پرگرفتار کیا گیا جبکہ مشرقی ریجن میں ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر 6 دکانوں کوسیل اور 156 کے خلاف چالان کیے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق شمالی حدود ریجن کے پولیس ترجمان کرنل متعب الخمیس نے بتایا کہ کورونا ضوابط کے مطابق مقررہ تعداد سے زائد افراد کے اجتماع پرپابندی عائد ہے۔
اجتماع کے قانون کی خلاف ورزی پرریجن میں پولیس ٹیم نے 70 افراد کو حراست میں لیا جو ایک جگہ جمع تھے۔ گرفتار شدگان کے چالان کرنے کے بعد انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیاـ
دوسری جانب مشرقی ریجن کی بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ 2 دنوں میں مارکیٹوں اور مختلف عوامی مقامات کے 2668 دورے کیے۔ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر 6 دکانوں کو سیل جبکہ 156 کے چالان کیے گئے۔
مشرقی ریجن کی بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز پرعمل درآمد کویقینی بنانے کے لیے تفتیشی ٹیمیں مارکیٹوں اوردیگر مقامات کا دورہ کرتی رہتی ہیں تاکہ ضوابط کی خلاف ورزی کو روکا جاسکے۔