سوڈان میں حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش ناکام، باغی فوجی گرفتار
’آج منگل کو علی الصباح چند افسروں نے ملکی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بغاوت کی ناکام کوشش کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سوڈان میں آرمڈ کور کے چند افسران نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی ہے جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
العربیہ اورسبق کے مطابق مشرقی سوڈان میں گزشتہ چند دنوں سے پائی جانے والی کشیدگی کے بعد آج منگل کو علی الصباح چند افسروں نے ملکی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بغاوت کی ناکام کوشش کی ہے۔
فوجی ذرائع نے بتایاہے کہ ’جنرل عبدالباقی بکراوی کی قیادت میں کم سے کم 20 فوجی افسروں نے سوڈانی فوج کی آرمڈ کور کا کنڑول سنبھال لیا تھا‘۔
’آرمڈ کور کے بعض دستوں سے باغیوں کا کنٹرول چھڑوانے کے لیے اب بھی سکیورٹی فورسز کارروائی کر رہی ہیں‘۔
سبق کے مطابق سوڈانی مسلح افواج بغاوت کے متعلق تفصیلی بیان جاری کرے گی۔
ذرائع کا کہناہے کہ ’باغی گروہ نے ٹی وی اور ریڈیو کے دفاتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے مگر اس میں انہیں ناکامی ہوئی‘۔
فوج نے احتیاطی تدابیر کے طور پر دار الحکومت خرطوم کا ام درمان سے زمینی رابطہ عارضی طور پر منقطع کر دیا ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ’باغی گروہ کے سربراہ جنرل بکراوی اور اس کے چند ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے‘۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سوڈان کے سرکاری ٹی وی نے بھی ناکام بغاوت کی خبر نشر کی تاہم زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔