وزارت تجارت کی کارروائی، فرضی رعایتی نرخوں پر 364 چالان
وزارت تجارت کی کارروائی، فرضی رعایتی نرخوں پر 364 چالان
جمعہ 24 ستمبر 2021 5:13
صارفین کو خریداری کی رسید نہ دینے پر کارروائی کی گئی- (فوٹو سبق)
وزارت تجارت کی جانب سے یوم وطنی کی مناسبت سے لگائی جانے والی رعایتی سکیموں کے حوالے سے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اچانک تفتیشی دورے کیے گئےـ
تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ 2 روز کے اندر رعایتی نرخوں کے حوالے سے قوانین پرعمل نہ کرنے پر364 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جن میں محض اشہتارات کی حد تک ہی رعایتی نرخوں کا اعلان کیا گیا تھاـ
ویب نیوز سبق کے مطابق وزارت تجارت نے سعودی عرب کے 91 ویں قومی دن کی مناسبت سے رعایتی سکیمیں جاری کرنے کے حوالے سے تاجروں اور صنعت کاروں کو خصوصی احکامات صادر کیے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ صارفین کے لیے رعایتی سکیموں کا اعلان کرنے سے قبل وزارت تجارت سے لائسنس حاصل کیا جائےـ
قانون کے مطابق رعایتی نرخوں کا اعلان کرنے سے قبل دکاندار اس امر کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ رعایتی نرخوں کے بارے میں وزارت تجارت کو تحریری طورپر مطلع کریں جس کے لیے انہیں رعایتی سکیم کے نرخ اور اصل نرخوں کے بارے میں وزارت کو مطلع کرنا ہوتا ہےـ
وزارت تجارت نے اس ضمن میں تاجروں کو ہدایت کی تھی کہ یوم الوطنی کی مناسبت سے کسی قسم کی رعایتی سکیم اس وقت تک جاری نہ کی جائے جب تک اس کی باقاعدہ منظوری حاصل نہ کی گئی ہوـ
رعایتی نرخوں کے حوالے سے درج کی جانے والی خلاف ورزیوں میں مصنوعات پر نرخ نامے درج نہ کرنا اور اصل قیمتوں کو چھپانے کے علاوہ صارفین کو خریداری کی رسید نہ دینا شامل تھاـ
تفتیشی دورے کے حوالے سے وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ تفیشی ٹیموں کا مقصد فرضی رعایتی سکیمیں جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے تاکہ صارفین کو دھوکہ نہ دیا جائے ـ
واضح رہے ہر برس سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر متعدد تجارتی اداروں کی جانب سے خصوصی رعایتی نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے اس حوالے سے تجارتی ادارے اس امر کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ نرخوں میں دی جانے والی رعایت سے وِزارت کو مطلع کریں جس کے بعد ہی لائسنس جاری کیا جاتا ہےـ لائسنس یہ رعایتی نرخوں کا تناسب بھی درج کیا جاتا ہےـ مقررہ یا منظور شدہ تناسب سے زائد کا اشتہار لگانا بھی خلاف قانون تصور کیا جاتا ہےـ
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں