مصر: کارٹون فلم سے متاثرہ بچے نے چھوٹے بھائی کا گلہ کاٹ دیا
بچے کا کہنا تھا کارٹون میں ایسا ہوتا ہے مگر بھائی اب اٹھ نہیں رہا(فوٹو، ٹوئٹر)
مصر میں کارٹون فلم سے متاثر ہو کر کم عمر لڑکے نے اپنے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا ـ بچوں میں کھیل کے دوران کسی بات پرجھگڑا ہوا جس پر6 سالہ لڑکے نے چار سالہ بھائی کا گلا کاٹ دیاـ
ویب نیوز ’عاجل‘ کے مطابق مصر کی کمشنری ’الھرم‘ میں پیش آنے والے اس ہولناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کررکھ دیاـ لڑکے سے جب قتل کی وجہ دریافت کی تو اس نے روتے ہوئے کہا ’کارٹون فلموں میں بھی یہی ہوتا ہے گلے پر چھری پھیرنے کے بعد وہ دوبارہ کھڑے ہوجاتے ہیں میں نے بھی یہی کیا تھا مگر بھائی کھڑا نہیں ہوا ‘ـ
واقعے کی تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ مصر کی کمشنری ’الھرم ‘ میں یہ ہولناک واقعہ پیش آیا جب بچوں کی ماں کسی کام سے پڑوس میں گئی ہوئی تھی اسی دوران دونوں بھائی کھیل ہی کھیل میں کسی بات پرلڑپڑے ـ
لڑائی میں 6 سالہ ’مارفن ‘ نے غصے میں آکر باورچی خانے سے چھری اٹھائی اورچار سالہ چھوٹے بھائی ’جسٹن‘ کے گلے پر پھیردی ـ بھائی کو خون میں لت پت دیکھ کرمارفن گھبرا گیا اوراسے اٹھانے کی کوشش کرتا رہا ـ
خاتون خانہ جیسے ہی گھر میں داخل ہوئی وہ یہ ہولناک منظر دیکھ کرمدد کےلیے پکارنے لگی جس پرپڑوسی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے فوری طورپربچے کو طبی امداد مہیا اور ایمبولینس کو طلب کیا ـ
طبی امدا ملنے سے قبل ہی بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے بچہ ہلاک ہو چکا تھا ـ پولیس نے والدین اور پڑوسیوں سے بیان لینے کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرکے والدین اور بچے کورہا کر دیاـ