پاکستانی ورکرز کو ادائیگی، ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے سفری مشکلات سمیت گذشتہ ہفتے کی پاکستان سے اہم خبریں
پاکستانی ورکرز کو ادائیگی، ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے سفری مشکلات سمیت گذشتہ ہفتے کی پاکستان سے اہم خبریں
ہفتہ 25 ستمبر 2021 0:10
30 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو سفری سہولیات میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
گذشتہ ہفتے پاکستان سے نمایاں خبروں میں یہاں کے سائنسدانوں کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی جانب سے ایٹمی توانائی کے پُرامن استعمال پر ایوارڈز دینا تھا۔ اس کے علاوہ 30 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو سفری سہولیات میں مشکلات، درآمد شدہ گاڑیوں کے لیے قرضوں پر پابندی اور بیرون ملک سے بے روزگار پاکستانی ورکرز کو ایک ارب روپے سے زائد کے واجبات ادا کرنا تھا۔ گذشتہ ہفتے پاکستان سے چند اہم خبریں۔
ایٹمی توانائی کا پُرامن استعمال: کپاس کا مدافعتی بیج تیار کرنے پر پاکستان کو تین ایوارڈز
دنیا میں ایٹمی پھیلاؤ کی نگرانی کرنے والے ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایٹمی توانائی کے کامیاب پرامن استعمال پر پاکستان کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی سائنسدانوں نے کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے ایٹمی توانائی کے ذریعے جس برق رفتاری سے کام کیا ہے وہ متاثر کن ہے۔
برطانیہ کی پروازوں کے لیے پی آئی اے کے ایس او پیز جاری
برطانیہ نے پاکستان سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندی تو ہٹا دی ہے تاہم پاکستان میں کورونا ویکسینیشن پروگرام کو تاحال منظور نہیں کیا جس کے باعث پاکستان میں کورونا کی ویکسین لگوانے والے مسافروں پر اب بھی پرواز سے قبل اور برطانیہ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کی شرط جبکہ 10 روز گھر میں قرنطینہ کرنے کی شرط برقرار ہے۔
نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن: ’اصل ملزمان ابھی گرفتار نہیں ہوئے‘
پاکستان میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسینیشن کے اندراج کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ’اصل ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے ہیں۔‘
درآمد شدہ گاڑیوں کے لیے قرضے پر پابندی، ملکی ساختہ کے لیے ضوابط سخت
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی درآمدات میں کمی لانے اور طلب نمو روکنے کے لیے درآمد شدہ گاڑیوں کی خریداری کے لیے قرضوں کی فراہمی پر پابندی لگا دی ہے جبکہ ملکی ساختہ گاڑیوں کے لیے قرض کے علاوہ کریڈٹ کارڈ کے حصول کے ضوابط سخت کر دیے ہیں۔
شاہ محمود کی امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات، افغانستان پر گفتگو
پاکستان کے دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود اور انٹونی بلنکن کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
’30 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا‘
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 30 ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو سفری سہولیات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
میٹرک میں طالبہ کا ’اعزاز‘، 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کرنا ممکن ہے؟
مردان بورڈ نے منگل کو میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ ان نتائج نے اس وقت سب کو حیرت میں ڈال دیا جب بورڈ میں ٹاپ کرنے والی طالبہ نے 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
کیا تحفوں کے بارے میں پوچھنا ملکی وقار کے خلاف سازش ہے؟ نواز شریف
پاکستان کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی ہے۔ نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ہمارے دور میں جب بیرون ممالک سے تحائف آتے تھے تو ان کا باقاعدہ اندراج ہوتا تھا اور ان کو جمع کروایا جاتا تھا جبکہ ہم پر اس بات کا بھی مقدمہ بنایا گیا
او پی ایف کی کوششوں سے پاکستانی ورکرز کو ایک ارب سے زائد واجبات کی ادائیگی
اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن (او پی ایف) نے کورونا وبا کے دوران بیرون ملک سے بے روزگار ہو کر پاکستان آنے والے، زخمی یا وفات پا جانے والے پاکستانی ورکرز کو ایک ارب روپے سے زائد کے واجبات ادا کروا دیے ہیں۔
پاکستان میں لوگ اڑتے جہازوں پر لیزر لائٹس کیوں مارتے ہیں؟
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس نے اتوار 19 ستمبر کو اماراتی ایئر لائن ایمریٹس کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایئر لائن کے لاہور ایئر پورٹ سے اڑنے والے جہاز پر طاقتور لیزز لائٹ ماری گئی ہے۔