سڑکوں پر گڑھوں یا رکاوٹوں سے گاڑی کو نقصان پہنچنے پر معاوضہ
سڑک پر گڑھا شہر میں ہوگا تو محکمہ ٹریفک سے رابطہ کیا جائے گا( فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں وزارت نقل و حمل نے کہا ہے کہ سڑکوں پر گڑھوں یا رکاوٹوں کی وجہ سے کسی کی گاڑی کو نقصان پہنچ جائے تو اسے معاوضہ حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت نقل و حمل نے بتایا ہے کہ اگر سڑک پر گڑھے کی وجہ سے کسی کی گاڑی کو نقصان پہنچے تو اس کا مالک معاوضے کا مطالبہ کرسکتا ہے۔
اگر سڑک پر گڑھا شہر کے اندر ہوگا تو ایسی صورت میں محکمہ ٹریفک سے رابطہ کیا جائے گا۔ اگر شہر سے باہر ہوگا تو ایسی صورت میں روڈ سیکیورٹی فورس سے رابطہ کیا جائے گا۔
حادثے کی رپورٹ طلب کی جائے گی اس کے بعد گاڑی کا مالک نقصانات کی لاگت کے تخمینے کے لیے تخمینہ مرکز سے رجوع کرے گا وہاں سے وزارت نقل و حمل کی متعلقہ شاخ پہنچے گا۔
وزارت نقل و حمل کا کہنا ہے کہ جو سڑکیں اس کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں وہ آبادی سے باہر والی ہیں۔ کچے روڈ اور زرعی روڈ ہیں۔
تمام روڈ اس کی ذمہ داری کا حصہ نہیں ہیں مثلا آبادی کے اندر واقع روڈ، بلدیہ کے ماتحت آتے ہیں جبکہ کئی روڈ رائل کمیشن کے ماتحت ہیں۔