Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کی سالگرہ: ’انہوں نے جواب میں شکریہ کہا تھا‘

عمران خان کو سالگرہ پر دنیا بھر سے مداح تہنیتی پیغامات بھیج رہے ہیں۔ فوٹو: تحریک انصاف فیس بک
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان آج اپنی انہترویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کی جماعت کے کارکن اور انہیں پسند کرنے والے سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک تمناؤں کے پیغامات شیئر کر رہے ہیں۔
عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں جذبے و جرات سے جینا سکھایا اور کبھی ہار نہ ماننے کا فن بھی سکھایا۔
’ہم پاکستان کا جھنڈا ہمیشہ اونچا رکھ کر آپ کو فخرمند بنائیں گے‘۔
وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں وزیر زرتاج گل وزیر نے بھی انہیں کروڑوں لوگوں کے لیے ایک انسپریشن قرار دیا اور لکھا کہ ہم ’خوش قمست ہیں کہ آپ کے دور میں جی رہے ہیں اور مجھے آپ کا پیروکار ہونے پر فخر ہے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں حکمراں جماعت نے کہا کہ ’عظیم لیڈرز یہ نہیں بتاتے کہ کیا کرنا ہے بلکہ کر کے دکھاتے ہیں کہ کیسے کیا جاتا ہے۔‘
جب بھی وزیراعظم عمران خان کی بات کی جاتی ہے تو لوگ پاکستان کی کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کو گنوانا بلکل نہیں بھولتے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی ایک ٹویٹ میں عمران خان کو 1992 کے ورلڈ کپ کو اٹھاتے ہوئے دکھایا اور جنم دن کا پیغام شیئر کیا۔
ای ایس پی این کرک انفو نے بھی وزیراعظم عمران خان کی برتھ ڈے پر ان کی تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لگائی اور لکھا کہ ’عمران خان کو سالگرہ مبارک‘ وہ پاکستان کے عظیم ترین کرکٹر تھے۔‘

ایک ٹوئٹر صارف نے اس موقع پر وہ وقت بھی یاد کیا جب انہوں نے سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے عمران خان کو ای میل کی اور عمران خان نے انہیں ’شکریہ‘ کا جواب دیا۔
جسٹ ٹرسٹ خان نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ  ’ایک دفعہ کا ذکر ہے، میں نے مرشد عمران خان کو ہیپی برتھ ڈے وش کیا تھا اور چیمپ نے شکریہ کا جواب دیا تھا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ یہ کبھی نہیں بھولیں گی۔ ان کی جانب سے یہ ای میل 2016 میں عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پہلے کی گئی تھی۔

شیئر: