Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں عرب ڈیزائنرز اور تخلیق کاروں کی’لیالی مرایا‘ منفرد نمائش

زیورات میں شہرت رکھنے والا لبنانی برانڈ بھی نمائش میں شامل ہے۔ فوٹو عرب نیوز
عرب فیشن ڈیزائنرز اور زیوارت کے تخلیق کاروں کو ریاض کے مانسارد ہوٹل میں اپنی صلاحیتیں دکھانے اور فروغ دینے کے مشن کے تحت دو روزہ ’لیالی مرایا‘ نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دو روزہ ’لیالی مرایا‘ شہزادی امیرہ الطویل کی سرپرستی میں منعقد کی گئی ہے جس میں مشرق وسطیٰ کے فیشن، پرفیومز اور جیولری ڈیزائنرز کی جدید اور لگژری برانڈز کی نمائش بھی شامل ہے۔
نمائش میں مصر کا مشہور برانڈ ’اوختین‘ بھی موجود ہے جو ہاتھ سے بنے ہوئے نفیس ہینڈ بیگز کے لیے جانا جاتا ہے یہ برانڈ مصری ثقافت کی خوبصورتی کی عکاسی کرتے ہیں۔
مشرق وسطیٰ اور ایشیائی زیورات میں شہرت  رکھنے والا لبنانی برانڈ  ’لینیر‘ بھی نمائش میں شامل ہے جس کی سرپرست لین ابلنور ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے زیورات کے انداز اور قدرتی عناصر سے متاثر ہو کر منفرد ڈیزائن تیار کرتی ہیں۔
تقریب کے دوران لین ابلنور  نے کہا ’اس منفرد نمائش کے لیے میں نے بڑے اور نمایاں ڈیزائنز کا انتخاب کیا ہے جو مشرق وسطیٰ کی خوداعتماد خواتین کے لیے موزوں ہوں۔
لبنانی ڈیزائنر نے بتایا ’ ان کے تمام ڈیزائن فطرت اور ثقافت سے متاثر ہیں، جن میں انڈیا، پاکستان اور لبنان  کے روایتی انداز نمایاں ہیں۔‘

 پرفیومز اور گھروں کی سجاوٹ کی مختلف اشیاء بھی نمائش میں ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

بین الاقوامی سطح پر کیریئر کو آگے بڑھانے کے بعد عرب ڈیزائنر نے بتایا جب میں نے اپنا برانڈ لانچ کیا تو دنیا بھر کے چھوٹے کاریگروں کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھی۔
نمائش میں موجود سعودی فیشن برانڈ ہرجس  کے بانی سعود صالح  نے بتایا’ ملبوسات کے ان کے برانڈ کی ریڈی ٹو وئیر کلیکشن مختلف موسموں کے مطابق ڈیزائن کی گئی ہے۔
سردیوں کی کلیکشن میں موٹے اور بھاری کپڑے کا استعمال کیے گئے ہیں جب کہ گرمیوں  کے لیے لینن جیسا ہلکا اور آرام دہ کپڑا منتخب کیا گیا ہے۔

نمائش عرب ڈیزائنرز کے فن اور منفرد صلاحیتوں کو نمایاں کرتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعود صالح  نے مزید کہا ’ نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر سعودی عرب کی فیشن انڈسٹری کی نمائندگی کرنا ہمارے لیے اعزاز ہے، ہمارے 100 فیصد سعودی برانڈ میں بہت ہی سادہ کلیکشن ہے جسے مقامی نوجوان تیار کرتے ہیں۔
لیالی مرایا نمائش میں دیگر نمایاں سعودی برانڈز میں 1886،عبادیہ،دلال جیولری، نورہ الشیخ شامل ہیں۔
منفرد برانڈز کے ڈریس فیشن، پرفیومز، زیورات اور گھروں کی سجاوٹ کی مختلف اشیاء رکھی گئی ہیں جو عرب ڈیزائنرز کے فن اور تخلیقی صلاحیتوں کو نمایاں کرتی ہیں۔
 

 

شیئر: