Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت ثقافت کا  تخلیقی فیشن کے لیے 200 طلبا کا تربیتی کیمپ

تخلیقی فیشن کا مقابلہ وژن 2030 کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کی وزارت ثقافت نے ایک قومی مقابلے کا اعلان کیا ہے جس میں تخلیقی فیشن کے طلباء اپنے بہترین ڈیزائن پیش کر سکیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ویونک مقابلہ فیشن کمیشن،عربی خطاطی سال2021 کے اقدام اور وزارت تعلیم کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
تخلیقی فیشن کا یہ مقابلہ ان تمام یونیورسٹی سکالرشپ طلباء کے لیے ہے جو ڈیزائننگ، فیشن اور دیگر آرٹ میں مہارت رکھتے ہیں۔
سعودی وزارت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ مقابلہ مملکت کے لیے ایک منفرد بین الاقوامی موقع کے طور پر منعقد کیا جائے گا تاکہ فیشن ڈیزائننگ کی ثقافت کو دوبارہ سامنے لایا جاسکے۔
اس مقابلے کے پہلے مرحلے میں منتخب کیے گئے200 ڈیزائنرز کو تربیتی کیمپ میں شمولیت اختیارکرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا بشرطیکہ ان کا آرٹ سعودی ثقافت میں گہری جڑیں رکھتا ہو۔
اس اقدام کا مقصد عربی خطاطی کو فروغ دینا، اس کی ثقافت کو پھیلانا، اپنے فنون کو ترقی دینا اور عربی خطاطی کی جمالیات سے متعارف کروا کر طلباء کے اندر مقابلے اور شرکت کے جذبے کو بلند کرنے کی کوشش ہے۔
اس کے علاوہ ان میں خواتین اور مردوں کے فیشن، بچوں کے کپڑے، جوتے اور زیورات کے ڈیزائنز بھی شامل ہیں۔ 
پانچ ماہ تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں طلبا کو فری ورکشاپس اور تربیتی کورس فراہم کئے جائیں گے۔

وزارت ثقافت کا مقصد ان مقابلوں کے ذریعے فیشن انڈسٹری کو ترقی دینا ہے, (فوٹو ٹوئٹر)

ان مقابلوں کے اختتام پر ایک کمیٹی ان طلباء کی تخلیقات کا جائزہ لے کر ان کو فیشن کمیشن کے سرٹیفکیٹ سے نوازے گی۔
کمیٹی بہترین ڈیزائن منتخب کرنے سے قبل ابتدائی ڈیزائن تیار کرنے والے 10 شرکاء کو بھی نامزد کرے گی۔
تخلیقی صلاحیتوں کے یہ مقابلے چھ اہم مراحل پر مشتمل ہوں گے۔ ان مقابلوں کا آغاز رجسٹریشن کے مرحلے کے بعد ہوگا۔ رجسٹریشن 12 اکتوبر سے 2 نومبر تک کرائی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ورچوئل کیمپ کی تیاری اور مقابلوں کے لیے 200 طلباء کی سلیکشن بعدازاں منتخب ہونے والے امیدواروں کا اعلان کرنا اس میں شامل ہے۔

عربی خطاطی کی جمالیات سے طلباء کے جذبے کو بلند کیا جائے گا۔ (فوٹو ٹوئٹر)

دوسرا مرحلہ مقابلے کا آغاز ہے جو 6 نومبرسے ہوگا، اس مرحلے میں چار آن لائن سیمینار شامل ہیں اور 22-23 جنوری کو فائنلسٹ کا اعلان ہوگا۔
اگلا مرحلہ منصوبہ بندی اور پائیداری سے متعلق ہے اور اس میں 31 جنوری سے27 فروری تک پانچ مشاورتی سیشن شامل ہوں گے جس کے بعد مقابلہ اختتام پذیر ہو گا۔
تخلیقی فیشن کا مقابلہ کوالٹی آف لائف پروگرام کے اقدامات کا حصہ ہے جو سعودی وژن 2030 کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔
سعودی وزارت ثقافت کا مقصد اس کے ذریعے فیشن انڈسٹری کو ترقی دینا، مقامی ڈیزائنرز کو سپورٹ اور بااختیار بنانا ہے۔
 

شیئر: