Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی ’ہوائی برتھ ڈے‘، جہاز میں کیک کاٹا

کچھ لوگ اپنے جنم دن پر خود کو ہواؤں میں اڑتا ہوا محسوس کرتے ہیں یا کم از کم اس کی خواہش ضرور رکھتے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے حقیقت میں ایسا کر دکھایا ہے، انہوں نے ہوا میں اڑتے ہوئے نہ صرف کیک کاٹا بلکہ جن دوستوں کو کھلایا وہ بھی محو پرواز تھے۔
 بابر اعظم اپنی 27 ویں سالگرہ کے روز جہاز میں سفر کر رہے تھے اور قومی سکواڈ ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے لاہور سے دبئی جا رہی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کی سالگرہ کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے۔
پی آئی اے کی پرواز میں بنی ایک منٹ اور 14 سیکنڈ کی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز میں کھلاڑیوں کے اہل خانہ بھی موجود ہیں جبکہ سیٹوں کے درمیان میں میز پر کیک رکھا گیا ہے، جس کے ایک طرف شیر کی تصویر لگی ہے جبکہ اردگرد پڑے سامان میں ایک موبائل، ایک کھلونا گاڑی، بیٹ اور بال سمیت دیگر چیزیں نظر آ رہی ہیں۔
سفر کے دوران ایئرلائن کے عملے کی جانب سے سالگرہ کی باقاعدہ اناؤنسمنٹ کی گئی اور کہا گیا ’ہم اس وقت زمین سے 36 ہزاور فٹ کی بلندی پر ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی سالگرہ منانے جا رہے ہیں۔‘
اس کے بعد بابر اعظم کو کہتے سنا جا سکتا ہے جس میں وہ دیگر کھلاڑیوں کو کہہ رہے ہیں ’آگے آ جاؤ‘
اس کے بعد کھلاڑی اکٹھے ہوتے ہیں، اور خوشی کے اظہار کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں اور ساتھ موسیقی کے سُر بھی بکھرتے ہیں۔
پھر شاہین شاہ آفریدی کپتان کو کیک کھلاتے ہیں اور دوسرے کھلاڑی اپنے تحفے پیش کرتے ہیں۔
یہ خوبصورت ویڈیو شیئر ہونے کی دیر تھی کہ ٹوئٹر صارفین نے کپتان کو مبارک باد دینا شروع کر دی۔

اسی طرح کچھ صارفین نے دلچسپ جملے بھی لکھے۔
آئی سی سی نے بھی ٹویٹ کے ذریعے بابر اعظم کو جنم دن کی مبارک باد دی۔
آئی سی سی کی جانب سے اسی ٹویٹ میں بابر اعظم کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2019 کی وہ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 124 گیندوں پر 100 رنز بنائے تھے۔

سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی بابر اعظم کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا ’آپ چمکتے ستارے ہو، پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنتے رہو اور اپنے کور ڈرائیو اور آن ڈرائیو کی طرح مضبوط رہو۔‘

شیئر: