مکہ، مدینہ اور مشرقی ریجن میں دھند، شمال میں بارش
ہفتہ 16 اکتوبر 2021 10:29
جدہ، شعیبہ، اللیث، ثول اور رابغ میں فجر کے بعد سے لے کر صبح 8 بجے تک دھند چھائی رہی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں آج صبح دھند چھائی رہی جبکہ شمالی ریجن میں بارش کی توقع ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مذکورہ علاقوں میں دھند کی کیفیت کل اتوار کو بھی ہوگی‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے جدہ، شعیبہ، اللیث، ثول اور رابغ میں فجر کے بعد سے لے کر صبح 8 بجے تک دھند چھائی رہی‘۔
’یہی کیفیت مدینہ منورہ ریجن کے الرایس اور ینبع میں تھی جبکہ مشرقی ریجن میں بطحا، شیبہ اور سلوی بھی دھند کی لپیٹ میں تھے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اتوار کی صبح بھی دھند کی کیفیت رہنے کی توقع ہے جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج ہفتہ کو شمالی ریجن میں بارش کی توقع ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ موسمی نقشوں کا جائزہ لینے سے اندازہ ہوتا ہے کہ شمالی ریجن کے متعدد علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے‘۔
’شام میں سردی کی لہر شمالی علاقوں کو متاثر کرے گی جبکہ پیر کے دن سے رات کے وقت موسم سردی مائل ہوجائے گا‘۔