پرنسپل مسعود خان کی زیر صدارت الوداعیہ میں شریک چیئرمین اقبال محمد ،طاہر علی ، شمس الدین ، آصف داﺅودی ،نائب پرنسپل ڈاکٹر نجیب عمار کی شرکت ، عملے کو خراج تحسین
جدہ ا( امین انصاری )انٹر نیشنل انڈین اسکول جدہ کے غیر تدریسی اسٹاف میں سے 11 افراد کے اعزاز میں وداعی تقریب پرنسپل مسعود احمد خان کی صدارت میں اسکول کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ اسکول کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین اقبال محمد ، اراکین طاہر علی، شمس الدین اور محمد آصف رمیز داﺅدی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ محمد عبدالسلام نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے سبکدوش ہونے والے اسٹاف ممبران کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ محمد عبدالرزاق ( آفس سپرنٹنڈٹ 19 سال ) ، عبدالمجید ( ٹائپسٹ 23 سال )کٹی محمد نور ( لیب اسسٹنٹ 31 سال ) غوث محی الدین غوری (لیب اسٹنٹ 23 سال ) ایاز طاہر علی (ڈرائیور 22 سال ) احمد ابراہیم (ڈرائیور 26 سال ) عبدالرزاق ( ڈرائیور 24 سال ) اقبال بیگ ( سیکیورٹی گارڈ21 سال ) عبدالرشید ( سیکیورٹی گارڈ 21 سال) محمد کٹی صادق ( سیکیورٹی گارڈ 21 سال ) اور کنجو محی الدین کے سی نے ( سیکیورٹی گارڈ21 سال ) تک اسکول کی بہترین خدمت کی ۔ غیر تدریسی عملے کے وظیفے پر ملازمت کی عمر 60 سال ہے ۔ ان حضرات نے انتہائی حد سے زیادہ خدمات انجام دیں ۔ اسکول انتظامیہ نے انہیں توصیفی سند، شیلڈ اور انکے حقوق دے کر سبکدوش کیا ۔ صدر تقریب مسعود احمد خان نے سبکدوش ہونے والے ایک ایک فرد کا نام لیکر ان کے اوصاف کی تعریف کی اور کہا کہ یہ انتہائی تعریف کے قابل ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے اپنے شعبہ میں کمال خدمات انجام دیکر تاریخ رقم کی ۔انہوں نے کہا کہ اس اسٹاف سے ہمارے اسکول کا مورال بلند ہوا کیونکہ ان کا تعلق طلباء، اولیائے طلباءاور باہر کے لوگوں سے ہوتا ہے ۔ ان کی بہترین حسن کارکردگی اور گفتگو سے لوگ اسکول سے وابستہ ہوتے ہیں جبکہ تدریسی اسٹاف سے اسکول تعلیمی میدان میں اپنا نام بلند کرتا ہے ۔ اقبال محمد نے کہا کہ اسکول کا اسٹاف چاہے وہ تدریسی ہو کہ غیر تدریسی ایک خاندان کا حصہ ہیں اور ہر ایک اپنی جگہ قابل تعریف ہے ۔ رکن انتظامی کمیٹی طاہر علی نے کہا کہ غیر تدریسی اسٹاف اسکول انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے ۔ ان کی وجہ سے تدریسی اسٹاف کو بہتر ماحول میسر ہوتا ہے ۔ انہوں نے اپنی زندگی کے بہترین لمحات اسکول کو دیئے اور آج وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں لہذا اسکول انتظامیہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں نیک تمنائیں پیش کرتی ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر نجیب عمار (وائس پرنسپل ) سید عبدالحق ( سی او ای ) محمد اکرم اور دیگر بھی شریک تھے جنہوں نے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ خالد مہدی ، یوسف محمد ، محمد فضیل اور تسنیم النساءنے انتظامی امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔چیئرمین اقبال محمد کے ہاتھوں شیلڈ دی گئی ۔ محمد فضیل نے شکریہ ادا کیا ۔