غیر قانونی تارکین کو سفری سہولت دینے والا عرب شہری گرفتار
جمعرات 21 اکتوبر 2021 21:19
غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے- (فوٹو عکاظ)
قانون نافذ کرنےوالے ادارے کے اہلکاروں نے الافلاج کمشنری میں غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے والے غیر ملکی کو گرفتار کرلیا ـ
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق الافلاج کمشنری کی چیک پوائنٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک گاڑی کو روکا جسے عرب ملک سے تعلق رکھنے والا غیر ملکی چلا رہا تھا ـ گاڑی میں اس کے دیگر ہم وطن بھی سوار تھے -
تفتیش پر معلوم ہوا کہ عرب باشندہ اپنی گاڑی کے ذریعے غیر قانونی تارکین کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کررہا تھا- جس پر اسے اور غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرلیا گیا-
الافلاج چیک پوائنٹ پر موجود اہلکار کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے عرب شہری کے خلاف کارروائی مکمل کرکے اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے-
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کو سفری ، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانونا جرم ہے اور اس پر سخت اور مختلف سزائیں مقرر ہیں-
اس حوالے سے محکمہ امن عامہ نے خبردار کیا ہوا ہے کہ جو شخص بھی غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی-
جبکہ غیر قانونی طریقے سے مملکت میں داخل ہونے والوں کو مختلف سہولتیں فراہم کرنے کی صورت میں گاڑی اور رہائش کے لیے استعمال ہونے والا مکان بھی ضبط کرلیا جائے گا اور خلاف ورزی کے ذمہ دار کی مقامی میڈیا میں تشہیر بھی ہوگی-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں