Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مسجد الحرام کے مزید 50 دروازے کھولے جائیں گے

ایپ کے ذریعے بھی وہیل چیئر کی بکنگ ہوسکتی ہے- (فوٹو ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے نماز جمعہ کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں- کورونا وائرس کے حوالے سے ضوابط میں نرمی کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں عمرہ زائرین اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کی سہولت کے پیش نظر مسجد الحرام کے مزید 50 دروزاے کھولے جائیں گے-

زائرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں- (فوٹو ایس پی اے)

سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ادارہ امورحرمین کے شعبہ  برائے خدمات، فیلڈ آپریشن و ماحولیاتی تحفظ کے انڈرسیکریٹری محمد الجابری کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مسجد الحرام میں سماجی فاصلے کی پابندی کے خاتمے اور مکمل افرادی گنجائش کو بحال کیے جانے کے بعد آنے والے زائرین اور نمازیوں کو بہترسہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جن کا مقصد ایس او پیز پرعمل کرتے ہوئے مسجد الحرام میں آنے والوں کو بہترین و تسلی بخش صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ زائرین مکمل یکسوئی سے عبادت کرسکیں-
زائرین کی آمد ورفت کے لیے جہاں مزید 50 دروازے کھولے جائیں گے وہاں مسجد الحرام کے اندرونی صحنوں و ملحق راہداریوں کی ہمہ وقت سینیٹائزنگ کے لیے 4 ہزار سے زائد مرد و خواتین کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے-
مسجد الحرام میں یومیہ بنیاد پر 10 بار مکمل سینیٹائزنگ کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے جراثیم کی موجودگی کا امکان باقی نہ رہے ـ 

ایک بار صفائی کے لیے 80 ہزار لٹر سینیٹائزر استعمال ہوتا ہے- (فوٹو حرمین انتظامیہ ٹوئٹر)

انڈرسیکریٹری کا مزید کہنا تھا کہ مسجدالحرام کی ہربار سینیٹائزنگ کے لیے 80 ہزار لٹر سینیٹائزر استعمال ہوتا ہے جبکہ مسجد کے برآمدوں اور اندرونی صحنوں کے علاوہ بالائی صحن اور شاہ فہد کے توسیع والے حصے کو مستقل بنیادوں پرمعطر کرنے کے لیے 1500 لٹر اعلی معیار کی خوشبو استعمال کی جاتی ہےـ 
مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر 500 سے زائد خود کار سینیٹائزر بوتلوں کو نصب کیا گیا ہے جن کے ذریعے زائرین اپنے ہاتھوں کو جراثیم کش ادویات سے صاف کرسکتے ہیں- خود کار سینیٹائزر بوتلوں کی خوبی یہ ہے کہ اسے ہاتھ سے دبانے کی ضرورت نہیں ہوتی محض ہاتھ سامنے لانے پرمخصوص مقدار میں سینیٹائزر نکل کرہاتھ  پر آ جاتا ہےـ 
مسجد الحرام کے تمام مرکزی دروازوں کے علاوہ دیگر دروزاوں پر بھی جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے والے تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو انتہائی حساس نوعیت کے ہیں-  

50 ہزار سے زیادہ زم زم کی بوتلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے- (فوٹو ایس پی اے)

تھرمل کیمرے ایک سیکینڈ میں 6 سے 8 افراد کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے یہ معلوم ہو سکتا ہے کہ آنے والے کسی شخص کا جسمانی درجہ حرارت بڑھا ہوا تو نہیں- 
انڈرسیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ نماز جمعہ کے لیے آنے والوں کی سہولت کی خاطر 50 ہزار سے زائد آب زم زم کی بوتلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جو زائرین میں تقسیم کی جائیں گی- جبکہ آب زم زم کے کولروں میں ایک لاکھ لیٹر آب زم زم فراہم کیا جاتا ہے- 
الجابری نے مزید بتایا کہ معمر اور معذور افراد کے لیے 5 ہزار الیکٹریکل اور سادہ وہیل چیئرز کا بھی بندوبست کیا گیا ہے- علاوہ ازیں ایپ کے ذریعے بھی عمرہ زائرین اپنے لیے وہیل چیئر کی بکنگ کراسکتے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: