Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پریشر‘ اور ’ہیرو بننے کا موقع‘: پاکستان، انڈیا میچ سے پہلے کھلاڑی کیا کہتے ہیں؟

پاکستان اور انڈیا کے میچ سے پہلے دنیا بھر میں پاکستانی اور انڈین شہری اپنی اپنی ٹیموں کی جیت کے لیے نہ صرف پرامید ہیں بلکہ دعائیں کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔
شام سات بجے دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پانچ مرتبہ ٹکرائی ہیں اور ہر مرتبہ کامیابی انڈیا کے نام رہی ہے۔
لیکن سوال یہاں یہ ہے کہ جن پاکستانی کھلاڑیوں نے اس میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنی ہے وہ اس بڑے مقابلے سے پہلے کیا سوچ رہے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی میچ سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے ٹیم کے سینیئر ترین کھلاڑی شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹیم میں ’نئے آنے والوں کے لیے یہ ایک بڑا موقع ہے، اگر آپ اچھا کھیلتے ہیں تو آپ سپر سٹار بن جائیں گے۔‘
اس وقت پاکستان ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی، حیدر علی، حارث رؤف اور آصف علی سمیت کئی نئے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جن کی خواہش ضرور ہوگی کہ وہ اپنی ٹیم کو یہ میچ جتوا کر قومی ہیرو کہلائیں۔
پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نے آئی سی سی کو بتایا کہ ’جی ہم پر پریشر ہے پورے پاکستان کی طرف سے لیکن میں خود سمجھتا ہوں کہ یہ صرف ایک کرکٹ گیم ہے لیکن بہت پریشر کے ساتھ۔‘
نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے لوگ ان دونوں ٹیموں کے میچوں سے محبت کرتے ہیں تو یہ ہیرو بننے کا ایک موقع ہے۔‘
کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کہتے ہیں کہ ’کوشش یہی ہوتی ہے کہ 100 پرسنٹ دیا جائے اور جو بھی میچ کھیلیں، جس ٹیم کے خلاف بھی میچ کھیلیں ہر ٹیم کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ میچ جیتے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’خواہش یہی ہوتی ہے کہ اپنے پرستاروں کو خوش رکھیں لیکن کرکٹ ہے اپ اینڈ ڈاؤن چلتا رہتا ہے اور یہ تو کرکٹ کا حصہ ہے۔‘
انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی تو تین دن پہلے ہی ٹوئٹر پر ایک تصویر کے ذریعے بتا چکے ہیں کہ وہ اس میچ کے لیے بالکل بھی نروس نہیں۔
میچ سے قبل پاکستان کے سابق کوچ اور فاسٹ بولر وقار یونس نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنے حواس قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا۔
ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’ریلیکس رہیں، اپنا بہترین کھیل پیش کریں اور میچ کے رزلٹ کے حوالے سے پریشان نہ ہوں۔‘

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم کا حصہ تو نہیں لیکن انہوں نے ٹیم کی شرٹ پہن لی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہی جرسی پہن کر وہ ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔
سابق انڈین فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے اپنی ایک ٹویٹ میں ٹی وی ٹوٹنے کی خبر سنا دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ جیتے تو دل ٹوٹیں گے اور ہم جیتے تو ٹی وی۔‘
انڈین بیٹسمین منوج تیواری نے تاہم اپنے ملک کی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ پچھلے مقابلوں میں جو ہوا وہ ہو گیا لیکن اس بار انہیں پاکستان کی ٹیم زیادہ تگڑی نظر آ رہی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق منوج تیواری کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کا پاکستان کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے۔ ہماری بیٹنگ اچھی ہے اور جسپریت بومرا کے آنے سے بولنگ بھی بہتر ہو گئی ہے۔‘
تیواری نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کی سائیڈ اس بار مضبوط ہے لیکن امید ہے انڈیا جیت جائے گا۔‘

شیئر: