مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں سعودی اور مراکشی رہنماوں کی ملاقات
وزیراعظم عزيز اخنوش نے مراکش کے بادشاہ کی جانب سے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کو مراکش کے بادشاہ محمد ششم کا تحریری خط موصول ہوا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مراکش کے وزیراعظم عزيز اخنوش نے یہ خط سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ کے موقع پر ولی عہد کو ان کی ملاقات کے دوران دیا۔
وزیراعظم نے مراکش کے بادشاہ کی جانب سے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ جواب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مراکش کے بادشاہ کے لیے فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب کی جانب سے میٹنگ میں وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ بھی موجود تھے۔
مراکش کی جانب سے میٹنگ میں توانائی کی منتقلی اور پائیدار ترقی کی وزیر لیلیٰ بن علی اور سعودی عرب میں سفیر ڈاکٹر مصطفی المنصوری نے شرکت کی۔