نایاب جانور شکار کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والا گرفتار
’نایاب جانوروں کی نمائش پر 20 ہزار ریال جبکہ لائسنس کے بغیر شکار کرنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘ (فوٹو: سبق)
قصیم پولیس نے نایاب جانور شکار کرکے سوشل میڈیا پر شیئرکرنے والے شخص کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار شدہ شخص سعودی شہری ہے اور عمر کی چوتھی دہائی میں ہے۔
قصیم ریجن پولیس کے ترجمان میجر بدر السحیبانی نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی بناپر کارروائی ہوئی ہے‘۔
’مذکورہ شخص کی شناخت کے بعد اسے قصیم شہر سے گرفتار کیا گیا ہے اور تمام جانوروں کو ضبط کردیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’نایاب جانوروں کی نمائش کرنے پر اسے 20 ہزار ریال جبکہ لائسنس کے بغیر شکار کرنے پر اسے 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’علاوہ ازیں محکمہ تحفظ جنگلات ہر شکار ہونے والے جانور کی نوعیت کی بنا پر اسے الگ جرمانے کرے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کے مطابق نایاب نسل کے جانور کا شکار کرنا، اس کی نمائش کرنا اور اس کی خرید و فروخت کرنا منع ہے‘۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سب کا تعاون کا ضروری ہے‘۔