امارات کے تمام سفارتکاروں کی لبنان سے واپسی
امارات نے اپنے شہریوں کو لبنان کے سفر سے روکنے کا فیصلہ بھی کررکھا ہے۔( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ لبنان سے تمام اماراتی سفارتکاراورعملے کے ارکان واپس پہنچ گئے۔
الامارات الیوم کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ لبنان کے موجودہ سیاسی اور امن حالات کے پیش نظر سفارتکار وطن واپس آئے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امارات نے اپنے شہریوں کو لبنان کے سفر سے روکنے کا فیصلہ بھی کررکھا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے لبنان کے وزیر اطلاعات کی جانب سے یمنی جنگ میں سعودی عرب کے کردار پر تنقیدی بیانات کے بعد اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سفارتکاروں کو واپس بلانے اور اپنے شہریوں کے لبنان کے سفر پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے جمعے کو لبنان سے اپنا سفیر مشاورت کے لیے طلب کرنے جبکہ ریاض میں متعین لبنانی سفیر کو آئندہ 48 گھنٹے کے اندرمملکت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔
ملکی سلامتی اور عوام کے مفادات کی خاطر لبنان سے مملکت کے لیے تمام درآمدات بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کا کہنا تھا کہ’ لبنانی وزیر اطلاعات کے سعودی عرب مخالف بیان کا لبنانی حکومت کی طرف سے کوئی نوٹس نہ لیے جانے پراقدامات اٹھائے گئے ہیں۔‘