کویت کی ابہا ائیرپورٹ پر حوثی میزائل حملے کی مذمت
ابہا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
کویت نے ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے خمیس مشیط کےعلاقے کو بارود سے بھرے ڈرون سے نشانہ بنا نے کی مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی ایس پی اے کے مطابق کویتی وزارت خارجہ نے کہا کہ ان جارحانہ طرزعمل کا جاری رہنا بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے مملکت کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور آبنائے باب المندب تجارتی گزرگاہ میں میری ٹائم نیویگیشن اور بین الاقوامی تجارت کو خطرے میں ڈالنے کی مسلسل کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
کویت کی وزارت خارجہ کی جانب سے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان خطرات کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کئے جائیں اور قصورواروں کا احتساب ہونا چاہئے۔
وزارت نے تصدیق کی ہے کہ کویت ان تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو سعودی عرب اپنی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کر رہا ہے۔
عرب اتحاد کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر ابہا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
عرب اتحاد ی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہریوں کو دشمن کے حملوں سے بچانے کے لیے ہر خطرے سے نمٹ رہے ہیں۔
قبل ازیں عرب اتحادی افواج کے ترجمان کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ یمن کے مختلف علاقوں پر حملوں کے باعث 157 حوثی باغی مارے گئے۔