’ہاردیک پانڈیا جیسا نیا کھلاڑی 5 کروڑ روپے کی گھڑیاں کیسے افورڈ کر سکتا ہے؟‘
ممبئی کسٹمز ڈٰیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کرکٹر کے پاس گھڑیوں کی رسید موجود نہیں تھی۔ (فوٹو: زی نیوز)
انڈیا کے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے دبئی سے واپسی پر انڈین کرکٹر ہاردیک پانڈیا کے پاس موجود پانچ کروڑ انڈین روپے مالیت کی دو گھڑیاں ضبط کر لی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق ہاردیک پانڈیا اتوار کو دبئی سے ممبئی پہنچے تھے۔
ممبئی کسٹمز ڈٰیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کرکٹر کے پاس گھڑیوں کی رسید موجود نہیں تھی۔
دوسری جانب ہاردیک پانڈیا نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود رضاکارانہ طور پر ڈیوٹی ادا کرنے کے لیے کسٹمز کے دفتر گئے تھے۔
یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہاردیک پانڈیا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہیں اور سوشل میڈیا صارفین ان پر طنز کے نشتر برساتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
انوپ جیسوال نامی صارف نے اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک وقت ہوا کرتا تھا جب انڈین کرکٹر کسی غیر ملکی ٹورنامنٹ میں خراب کارکردگی کے بعد خاموشی سے واپس آیا کرتے تھے، ہوٹل سے باہر نہیں آتے تھے، لوگوں میں نہیں نظر آتے تھے۔‘
دیبوجیوتی شانیل نامی ٹویٹر صارف نے کہا کہ ’ہاردیک پانڈیا کبھی نہیں سیکھیں گے۔‘
’لگتا ہے کامیابی ان کے سر پر سوار ہوگئی ہے۔ بحیثیت کرکٹ فین میں بہت مایوس ہوں۔‘
آلٹر ایگو نامی اکاؤنٹ نے سوال اٹھایا کہ ’کیسے ہاردیک پانڈیا جیسا نیا کھلاڑی پانچ کروڑ روپے کی گھڑیاں افورڈ کر سکتا ہے؟‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر یہ تحفے تھے تو یہ انہیں کس نے اور کیوں دیے ہوں گے ٹی20 ورلڈکپ میں اتنی خراب کارکردگی کے بعد؟‘
تاہم آرچت باجپائی نامی صارف نے انڈین کرکٹر کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ ہاردیک پانڈیا انڈین پریمیئر لیگ کی امیر ترین ٹیم کا حصہ ہیں۔
’وہ آئی پی ایل کی امیر اور کامیاب ترین ٹیم کا حصہ ہیں اور انڈین ٹیم کو ملنے والے اشتہارات نے انہیں امیر بنایا ہے اور یہ ان آسائشوں کے لیے کافی ہے۔‘